پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
شعیب اختر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو شیروں جیسے کھلاڑی دینا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ خود اپنی ممکنہ پی ایس ایل ٹیم کی ٹریننگ کا ذمہ اٹھائیں گے۔
راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے شعیب نے کہا کہ سینئر بلے باز یونس خان کو اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ خود کرنا ہے، تاہم پی سی بی کو اپنے ہیروز کی عزت کرنی چاہیے.
انھوں نے محمد عامر، محمد آصف، اور سلمان بٹ کو ایک اور موقع ملنے کی حمایت کرتے ہوئے عامر کو اپنی ٹیم میں کھلانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بکریوں کی طرح نہیں بلکہ شیروں کی طرح میدان میں کھیلنا چاہیے جن کا مقصد وکٹ لینا اور رنز بنانا ہو۔
شعیب نے ٹیم خریدنے کے حوالے سے پی ایس ایل کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نجم سیٹھی سے ملاقات بھی کرلی ہے۔