ہملٹن۔اپنے گزشتہ میچ میں ویسٹ انڈیز کے تین وکٹ چٹکاکر مین آف دی میچ رہے ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سمیع نے اپنی گیند بازی کو بہتر بنانے کا کریڈٹ پاکستان کے سابق بولر شعیب اختر کو دیا ہے۔ سمیع نے کہا کہ ان کی گیند بازی کو دھاردار کرنے کا کچھ حصہ سابق بولر شعیب اختر کو بھی جاتا ہے۔ انہوں نے کہاشعیب نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ مجھے اپنے رن اپ کو تھوڑا چھوٹا کرنا چاہیئے جس کا استعمال میں نے کیا اور یہ کامیاب ثابت ہوا۔ حال ہی میں میں نے اپنی گیند بازی میں تبدیلی کی اور اس سے میری رفتار میں بھی فرق پڑا اور میں نے سوچا ہے کہ میں مسلسل اسے ہی استعمال کروں۔ہندوستانی فاسٹ بولر نے کہامیں نے شعیب بھائی سے بات کی تھی اور انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ مجھے لمبا رن اپ نہیں لینا چاہیے۔ میں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوئے گزشتہ میچ میں ان کے مشورہ پر اپنی گیند بازی میں تبدیلی کی۔ میری بولنگ کرنے کا نیا طریقہ پہلے سے آرام دہ ہے اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس سے میری رفتار میں بھی تبدیلی آئی ہے۔پرتھ کے واکا میدان پر ویسٹ انڈیز کے خلاف سمیع نے اپنی دھاردار بولنگ سے کمال دکھایا اور تین وکٹ لے کر مخالف ٹیم کو بیک فٹ پر لا کھڑا کیا تھا۔ ہندوستان نے یہ میچ چار وکٹوں سے جیت لیا تھا اور عالمی کپ ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل میں اپنا مقام پکا کر لیا۔ہندوستان کے اگلے دونوں مقابلے نیوزی لینڈ میں ہونے ہیں جس کے لیے پوری ٹیم سخت مشق کر رہی ہے۔
سمیع نے اپنے بولنگ ایکشن میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا اپنے ایکشن میں تبدیلی نہیں کرنا چاہتا۔ بہت سے سابق گیندبازوں نے مجھے بولنگ ایکشن میں تبدیلی نہیں کرنے کی صلاح دی ہے اور میں اسے صحیح بھی مانتا ہوں۔ اپنے ایکشن میں تبدیلی کرنے سے کشمکش کی حالت بن جاتی ہے اور میں ایسی حالت میں قطعی نہیں پڑنا چاہتا ہوں۔ میں اسی سے مطمئن ہوں کہ میں نے اپنے رن اپ میں تبدیلی کی ہے۔موجودہ عالمی کپ میں ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ نو وکٹ لینے والے سمیع نے کہا چچمے نیوزی لینڈ کی زمین پر اپنے ایکشن میں کوئی بڑی تبدیلی کر کسی طرح کا خطرہ نہیں اٹھانا چاہتا۔ میں خوش ہوں کہ میں نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ میں چاہتا ہوں کہ میں ایسے ہی اپنی کارکردگی جاری رکھوں۔
24سالہ فاسٹ بولر نے کہا پہلے سے آسٹریلوی وکٹ کے بارے میں بہت سنا تھا کہ وہاں اچھا اچھال ملتا ہے اور گیند بازوں کو خاصا فائدہ ہوتا ہے۔ یہ فائدہ ہمیں آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں دیکھنے کو نہیں ملا لیکن پرتھ کے میدان پر گیند بازوں کو خاصا فائدہ ہوا۔ ہندوستان کا اگلا عالمی کپ مقابلہ منگل کو ہیملٹن کے میدان پر آئرلینڈ سے ہونا ہے۔