نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) دہلی کے مٹیا محل حلقے سے سابق ممبر اسمبلی شعیب اقبال کانگریس میں شامل ہوں گے۔ مسٹر اقبال نے آج اس بات کا اعلان کیا ۔جنہوں نے گزشتہ الیکشن جنتا دل (یونائیٹیڈ) کے ٹکٹ پر لڑا تھا اور کامیاب ہوئے تھے۔ مسٹر اقبال نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں سیکولر ووٹوں کی تقسیم کو بچانے کے لئے انہوں نے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس کو سیکولر پارٹی قرا ر دیتے ہوئے سابق ممبر اسمبلی نے کہا کہ اس نے ملک اور دہلی کی ترقی کے لئے بہت کام کیا ہے۔ گزشتہ 15 برس کے کانگریس کے دور اقتدار میں راجدھانی میں تاریخی ترقیاتی کام ہ
وئے ہیں۔مٹیا محل حلقے سے پانچ بار اسمبلی میں نمائندگی کرنے والے سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس مضبوط پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں شامل ہوکر وہ اسمبلی میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں لانے کی کوشش کریں گے۔
مسٹر شعیب اقبال نے کہا کہ سیاست میں کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ حال میں مکمل ہونے والے ہریانہ اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہو ں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) چار سیٹوں سے اقتدار تک پہنچ گئی۔ دہلی میں ایسا کیوں نہیں ہوسکتا۔خیال رہے کہ دہلی کے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پندرہ برس تک دہلی کے اقتدار پر قابض رہنے والی کانگریس 43 سے صرف 8 سیٹوں پر سمٹ گئی تھی۔مسٹر اقبال کے پہلے اسد الدین اویسی کی مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) میں شامل ہونے قیاس آرائی کی جارہی تھی ۔ ایم آئی ایم کے لیڈروں نے مسٹر اقبال سے رابطہ بھی کیا تھا لیکن انہوں نے اس پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔کانگریس میں شامل ہونے کے بارے میں مسٹر اقبال نے کہاکہ کانگریس کی طرف سے پیشکش کے بعد اپنے حامیوں کے ساتھ بات چیت کرکے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ہفتہ انکی کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات ہوئی تھی۔ مسٹر اقبال نے کہاکہ کانگریس میں شامل ہونے کے پیچھے ان کا مقصدسیکولر طاقتوں کو متحد کرکے فرقہ پرستوں کو شکست دینا ہے۔