کراچی۔پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک ٹیم کے موجودہ ماحول اور گیند بازی ایکشن پر اٹھنے والے سوال کی وجہ سے آئندہ سال منعقد ہونے والے آئی سی سی عالمی کرکٹ کپ میں قومی ٹیم میں کھیلنے کے خواہش مند نہیں ہیں۔میڈیا رپورٹ کی مانیں تو شعیب کے گیند بازی ایکشن کے سلسلے میں شکایت اور قومی سلیکٹروں اور پاکستانی کرکٹ بورڈ کے بارے میں ان کے تعلق سے خراب رویہ کی وجہ سے وہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ بننے کیلئے کوئی خاص دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق شعیب ملک فی الحال اپنی گیند بازی ایکشن کودرست کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں ان کی اس وقت پوری توجہ عالمی کپ جیسے بڑے پلیٹ فارم پر کھیلنے پر نہیں ہے۔بین الاقوامی میچوں میں قابل اعتراض گیند بازی ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی سے معطلی کے شکار سعید اجمل اور محمد حفیظ کی غیر حاضری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہی شعیب کو ٹیم میں واپس بلاگیا ہے اور انہیں عالمی کپ کے 30 ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔سمجھا جارہا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کے دونوں اہم کھلاڑی کی معطلی عالمی کپ سے پہلے ختم نہیں ہوتی ہے تو آل راؤنڈر شعیب ملک کو آخری 15 کیلئے منتخب کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر اور رمیض راجہ نے بھی کہا کہ شعیب ایک آل راؤنڈر ہے اور ایسے میں ان کی موجودگی عالمی کپ ٹیم میں ضروری ہے۔اگرچہ سابق کپتان شعیب ٹیم کے ساتھیوں، موجودہ کپتان اور ساتھ ہی سلیکٹروں کے رویہ سے ناراض ہیں اور فی الحال قومی ٹیم میں واپسی کے خواہش مند نہیں ہیں۔ اگر سعید اجمل اور حفیظ کی غیر موجودگی میں شعیب نے کھیلنے سے انکار کردیا تو پاکستانی ٹیم کیلئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہِونے والے عالمی کپ میں حالت کمزور ثابت ہوسکتی ہے۔