چنڈی گڑھ۔ (وارتا) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کی کمپنی ست یگ گولڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ نے ایسی اسکیم شروع کی ہے جس میں عام سے لیکر خاص آدمی تک کم سے کم ایک ہزار روپئے ماہانہ کی چھوٹی سرمایہ کاری کر کے سونا خرید سکتے ہیں۔ شلپا کے شوہر اور ست یگ گولڈ کے سی ای او راج کندرا نے آج یہاں کمپنی کی ’ست یگ میرا گولڈ‘ اسکیم کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت کوئی بھی شخص اپنی اسکیموں کے
مد نظر سرمایہ کاری کر کے کم مقدارمیں سونا خرید سکتا ہے۔
سرمایہ کاری کے عمل کو لیکر انھوںنے بتایا کہ سرمایہ کار سیبی مجاز رجسٹرار کاربی کمپیوٹر کی ویب سائٹ سے آن لائن فارم ڈاؤن لوڈ کرکے اور سبھی کارروائی مکمل کرکے چیک یا آن لائن کے ذریعہ ست یگ گولڈ کو سرمایہ کاری کی رقم کی ادائیگی کریں گے اور کمپنی اتنی ہی رقم کا اس دن کی شرح کے حساب سے ۲۴ کیرٹ سونا سرمایہ کار کے کھاتوں میں برنکس آریہ کی تجوری میں محفوظ رکھوادے گی۔ اس طرح سرمایہ کار مستقل طور پر کم سرمایہ کاری سے سونا جمع کرسکتے ہیں۔ مسٹر کندرا نے بتایا کہ سرمایہ کار کبھی بھی یہ سونا اپنے نزدیکی ست یگ گولڈ کے شوروم یہ گھر پر ڈیلیوری کی ذریعہ منگواسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کمپنی کی اپنی سونے کی کان اور ممبئی میں ریفائنری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت سرمایہ پوری طرح محفوظ ہے اور آئی ڈی بی آئی ٹرسٹی شپ سروسز لمیٹیڈ اس میں ٹرسٹی ہے۔