لکھنؤ۔(نامہ نگار)گومتی نگرمیں واقع فن شاپنگ مال میں ولس فائیو اسٹور کپڑے کے شو روم سے تین بدمعاش تجوری کو اٹھا کر لے گئے۔ شوروم میں چوری کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی ۔ دوشنبہ کو پولیس نے اس معاملے میں دو بدمعاشوں کو حراست میں لے لیا ۔پولیس نے ا ن کے قبضے سے چوری کے ایک لاکھ سے زائد روپئے اور گفٹ واؤچر برآمد کرلئے۔ شو روم میں چوری کی واردات کو ایک سابق ملازم نے انجام دیاتھا۔ پولیس سرگرمی سے اسے تلاش کررہی ہے۔ ای
س پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ فن ریپبلک شاپنگ مال کی پہلی منزل پر ولس لائف اسٹور کپڑے کا شوروم واقع ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ گذشتہ ۱۴؍اپریل کی شب شوروم کے پیچھے کے دروازے کے ذریعے تین چور شوروم میں گھس گئے اس کے بعد چوروں نے شوروم میں رکھی ہوئی تجوری کو چھپادیا اور صبح کے وقت شوروم سے تجوری لیکر فرار ہوگئے۔ شوروم کھلنے کے وقت جب ملازم وہاں پہنچے تو انہیں چوری کے بارے میں معلوم ہوا اطلاع ملنے کے بعد گومتی نگر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو شوروم میں چوری کے سی سی ٹی وی فوٹیج مل گئے اس کے بعد پولیس نے دوشنبہ کو جوگولی ریلوے پھاٹک کے قریب سے دوچوروں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے شوروم سے چوری کئے گئے چودہ گفٹ واؤچر اور ایک لاکھ ۲۱ہزار روپئے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے اپنا نام کینٹ کا باشندہ رشی کشیپ اور اجے کشیپ بتایا ۔ دونوں چوروں نے بتایا کہ چوری کی اسکیم شوروم میں کام کر نے والے سابق ملازم اور رائے بریلی کے باشندے منوج نے تیار کی تھی۔ ملزم رشی تنشک شوروم میں ملازمت کرتا تھا۔