لکھنؤ۔نگوہاں علاقہ میں رہنے والے ایک کسان کی بیوی مشتبہ طور پر آگ لگنے سے جھلس گئی۔ جسے علاج کے لئے ایک پرائیویٹ اسپتال میں بھرتی کرایا گیا۔ شادی شدہ عورت کے والد نے اپنے داماد پر بیٹی کو جلانے کا الزام لگاتے ہوئے رپورٹ درج کرائی ہے۔ نگوہاں کے شیخن کھیڑا گاؤں کے رہنے والے کسان سریندر کی بیوی ۲۲سالہ مہیما مشتبہ طور پر جھلس گئی۔ سسرال والوں نے علاج کے لئے موہن لال گنج میں واقع رام راج اسپتال میں بھرتی کرایا۔ اطلاع پاتے ہی مہیما کے والد رام اوتار بھی موقع پر پہنچ گئے۔
انہوں نے سریندر پر بیٹی کو جان سے مارنے کی نیت سے مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے نگوہاں تھانہ میں رپورٹ درج کرائی۔ رام اوتار کا الزام ہے کہ سریندر مہیما اتراون گاؤں سے میلہ دیکھ کر واپس گھر لوٹے۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان کہا سنی ہوگئی جس کے نتیجے میں سریندر نے مہیما پر مٹی کا تیل ڈال کر اس کو جلادیا۔