لکھنؤ(نامہ نگار)لکھنؤ کے ایس ایس پی یشسوی یادو نے کمیونٹی پولیسنگ کو اپنی پہلی ترجیح بتایا ہے۔ انہوں نے از سرِ نو ایس پی او کو مقرر کئے جانے کو کہا ہے اس کے علاوہ انہوں نے راجدھانی کو سی سی ٹی وی سٹی بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے اور شہر میں کم از کم پانچ ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی با ت کہی ہے۔
مہاراشٹر کیڈر کے آئی پی ایس یشسوی یاد وسال ۲۰۰۰ء بیچ کے آئی پی ایس ہیں اور دو سال سے یو پی میں ڈیپوٹیشن پر ہیں۔ انہوں نے بطور ایس ایس پی کانپور میں کام کیا۔ کانپور میں ڈاکٹروں پر ہوئے لاٹھی چارج ک
ے معاملہ میں ان کو کانپور کے ایس ایس پی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور وہ کچھ عرصہ تک ڈی جی پی ہیڈ کوارٹر سے منسلک رہے اور پھر ۳۲ویں واہنی پی اے سی کے کمانڈنٹ بنا دیئے گئے۔ کل ایس ایس پی لکھنؤ پروین کمار کو ہٹا کر یشسوی یادو کو راجدھانی کا نیا کپتان بنایا گیا۔ جمعہ کی دوپہر انہوں نے پریس کانفرنس میں اپنی ترجیحات پرروشنی ڈالی۔ یشسوی یادو نے جلد ہی کمیونٹی پولیسنگ کو از سرِ نو شروع کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر تھانہ میں ایس پی او بنائے جائیںگے اس کیلئے فارم نکالاجائے گا۔ فارم بھرنے والے لوگوں کا پہلے تھانہ انچارج اور پھر سی او انٹر ویو لیںگے۔ سی او کی منظوری کے بعد ایس پی او کی تقرری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی ایس پی او کو شناختی کارڈ، ٹارچ اور جیکٹ دی جائے گی۔ انہوں نے شہر کے پرانے ایس پی او کو اب نئے بندوبست سے گزرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے ایس پی او کے بھی انٹر ویوہوںگے۔
نومقررایس ایس پی نے پولیس جدید کاری کو اپنی دوسری ترجیح بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کی کہ پورے شہر کو سی سی ٹی وی کیمروں سے جوڑ دیاجائے۔ وہیں ایس ایس پی نے پولیس ہیڈ کوارٹر سے جی پی ایس سے لیس ۵۰چار پہیہ اور ۵۰موٹرسائیکلیں مانگنے کی بات کہی ہے۔ اس کے علاوہ سبھی تھانہ انچارجوں کو احکامات دیئے گئے ہیں کہ وہ اپنے علاقہ سے سرِ فہرست ۲۰بدمعاشوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کریں۔ اگرجرائم پیشہ عناصر ضمانت پر ہیں تو ان کی نگرانی کی جائے اور پیشہ ور بدمعاشوں کے خلاف گینگسٹر اور این ایس اے کی بھی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ یشسوی یادو نے شہر کے ٹریفک نظام کو بھی درست کرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے ٹریفک وارڈین کے نظام کو جلد نافذ کرنے کو کہا۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی جدید بنانے کی پوری کوشش کرنے کی بات کہی ہے۔