لکھنؤ(نامہ نگار)پینے کے پانی کے مسئلہ سے دوچار شہریوں نے بدھ کو شہر کے الگ الگ مقامات پر راستہ جام کر کے مظاہرہ کیا۔ علی گنج اور ٹکیت گنج علاقہ میں سیکڑوں خواتین بالٹیاں لے کر سڑک پر نکل آئیں اور راستہ جام کر کے مظاہرہ کیا۔
موقع پر پہنچے افسران نے سمجھا بجھا کر مظاہرہ کو ختم کرایا۔ یاد رہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے علی گنج اور اس کے قرب وجوار کے علاقوں میں پانی کا مسئلہ ہے۔ پانی نہ آنے سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ مقامات پر گندا پانی آنے کی وجہ سے لوگ اپنی پیاس بھی نہیںبجھا پا ر
ہے ہیں۔ آج پانی نہ آنے سے خواتین کو پوجا کرنے میں بھی کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور سیکڑوں خواتین خالی بالٹی لے کر پرنیا چوراہے پر پہنچیں اور راستہ جام کر کے مظاہرہ شروع کر دیا۔ مظاہرہ کر رہی خواتین علاقہ میں پینے کے پانی کے نظام کو درست کرنے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ موقع پر پہنچے افسران نے سمجھا بجھا کر مظاہرین کوخاموش کرایا۔
اسی طرح ٹکیت گنج علاقہ میں پانی سے پریشان درجنوں شہری بلاقی اڈہ چوراہے پر پہنچ گئے اورراستہ جام کر کے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ جل نگم محکمہ کے افسران یقین دہانی کے باوجود پینے کے پانی کا بہتر بندوبست نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ شہر کے زیادہ تر علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی ہے۔