لکھنو: راجدھانی کے ٹریفک بندوبست کو بہتر بنانے کے لئے جلد ہی شہر کے سبھی پولیس افسران اپنے اپنے علاقے میں پڑنے والے ایک چوراہے کو گود لیں گے ۔ اس کے بعد وہ لوگ دن بھر میں ایک گھنٹہ گود لئے گئے چوراہے پر موجود رہ کر ٹریفک بندوبست کو بہتر بنائیں گے۔ ڈی آئی جی نے اس اسکیم کا منصوبہ تیار کرلیاہے اور انہوں نے منشی پلیا چوراہے کی ذمہ داری لی ۔
ڈی آئی جی ڈی کے چودھری نے بتایاکہ شہر میں ٹریفک بندوبست کو بہتر کرنے کی ذمہ داری ٹریفک پولیس کی ہے ۔ اتنی ہی ذمہ داری مقامی پولیس کی ہے۔ ابھی تک یہ دیکھنے کو ملتاہے کہ تھانے دار ، سی او اور ایڈیشنل ایس پی اپنے اپنے علاقے میں بھی خراب ٹریفک بندوبست کو نظر انداز کردیتے ہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ اب انہوں نے شہر کے ٹریفک بندوبست کو بہتر کرنے کےلئے ایک نیا پلان تیار کیاہے ۔
اس اسکیم کے تحت سبھی تھانہ انچارج ،سی او ، ایڈیشنل ایس پی اور ایس ایس پی کے حوالے شہر کے ایک ایک چوراہے ہونگے ۔ یہ لوگ مصروف وقت میں اپنے اپنے چوراہے کا ایک گھنٹہ کا وقت دیں گے ۔ڈی آئی جی نے بتایاکہ سبھی افسران کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ مذکورہ چوراہے کے ٹریفک بندوبست کو بہتر کریں۔ اپنی اسکیم کے تحت ڈی آئی جی نے منشی پلیا چوراہے کی ذمہ داری لی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ایک دو دن بعد سبھی افسران کو ان کے چوراہے بتادیئے جائیں گے ۔ اس کے بعد وقتاً فوقتاً ٹریفک بندوبست بہتری کا جائزہ لیاجائے گا ۔ ڈی آئی جی نے امید ظاہر کی ہے کہ شاید اس اسکیم سے ٹریفک بندوبست میں بہتری آئے گی اور لوگوں کو راحت بھی ملے گی ۔ چوراہے پر موجود پولیس افسران کا کام ٹریفک بندوبست بہتر اور چوراہوں کو ناجائز قبضے پاک کرانا ہوگا ۔