لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو ہر سال کی طرح آج پولیس لائن گراؤنڈ میں نم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آج صبح پولیس لائن گراؤنڈ میں یادگاری یوم کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے شہید پولیس اہلکاروں کو یاد کرتے ہوئے شہیدوں کے ساتھ حکومت کے ہمیشہ رہنے کی بات کہی۔ وزیر اعلیٰ نے یکم ستمبر ۲۰۱۳ء سے اکتیس اگست ۲۰۱۴ء کے درمیان شہید ہوئے پانچ شہیدوں کے کنبہ والوں کو اعزاز سے بھی نوازا۔
سال ۱۹۵۹ء میں اکیس اکتوبر کو ہندوستان کی شمالی سرحد لداخ کے برفیلے علاقہ میں گشت کے دوران سی آر پی کے دس جوانوں کو شہید کر دیا گیا تھااس کے بعد سے ہر سال پورے ملک میں ان جوانوں کی یاد میں اکیس اکتوبر کو یادگاری دن منایا جاتا ہے۔ آج اس موقع پر صبح ۸ بجے راجدھانی پولیس لائن میں یادگاری یوم شروع کیا گیا۔ پریڈ کی کمان ۹ویں بٹالین پی اے سی کے کمانڈر آئی پی ایس کلا ندھی نیتھانی اور سکنڈ کمان آئی پی ایس زیر تربیت پرتاپ گوپیندر یادو نے سنبھالی۔ پریڈ کی سلامی پہلے ڈی جی پی اے ایل بنرجی نے لی اس کے بعد وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پریڈ کل سلامی لی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے شہی
د اسمارک پہنچ کر گلپوشی کر کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے پولیس محکمہ کو خطاب کرتے ہوئے اس کو ایک اہم حصہ بتایا۔ انہوں نے حال ہی میں ہوئے ضمنی انتخابات کو پُر امن طور پر نمٹانے کیلئے پولیس کے لوگوں کو مبارک باد دی۔ وزیر اعلیٰ نے بڑھتے ہوئے اقتصادی جرائم اور سائبر کرائم کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پولیس محکمہ کو تیار رہنے کی بات کہی۔ وہیں سی ایم نے کانپور، لکھنؤ، الہ آباد، غازی آباد کے بعد آگرہ اور وارانسی میں ماڈرن پولیس کنٹرول روم قائم کئے جانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چیف سکریٹری آلوک رنجن، پرنسپل سکریٹری داخلہ ، آئی جی سبھاش چندرا، ڈی آئی جی آر کے چترویدی، ایس ایس پی پروین کمار سمیت متعدد اعلیٰ افسر موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بڑھتے سائبر جرائم کے سلسلہ میں کہا کہ اب تک پوری ریاست میں کسی بھی سائبر سیل کو پوری طرح سے تھانہ کی شکل میں تیار نہیں کیا جا سکا ہے۔ یوپی میں آگرہ اور لکھنؤ میں کہنے کو تو سائبر کرائم سیل ہیں لیکن اس سیل کے پاس ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ سیل شکایت سن تو سکتا ہے لیکن رپورٹ درج نہیں کر سکتا ہے۔ جب سیل کو تھانہ کی سطح کا اختیار نہیں ملے گا تب تک سائبر کرائم سیل جانچ تو کر سکتا ہے لیکن نہ تو رپورٹ درج کر سکتا ہے اور نہ ہی کوئی کارروائی۔ رپورٹ درج کرنے اور کارروائی کیلئے سائبر کرائم سیل کو ضلع پولیس پر ہی منحصر رہنا ہوگا۔
پانچ شہیدوںکے کنبوں کو وزیر اعلیٰ نے کیا اعزاز سے سرفراز:- وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پولیس یادگاری دن کے موقع پر ڈیوٹی پر شہید ہوئے آگرہ پولیس کے سپاہی خلیق احمد، باغپت کے سپاہی سبھاش چندر، لکھیم پور کھیری کے سپاہی وکرم پرتاپ، فیروز آباد کے سپاہی دنیش پرتاپ اور فیروز آباد میںہی تعینات سپاہی گری راج کشور کے کنبے والوں کو اعزاز سے نوازا۔