لکھنؤ(نامہ نگار)سروجنی نگر کے پراگ چوراہے کے نزدیک اتوار کی دیر شب ایک بیئر بار کم ریسٹورینٹ میں چل رہی پارٹی میں موجود ایک شہ زورنے ٹھیکیدار اور اس کے ساتھ موجود وکیل کو گولی مار دی۔ گولی ٹھیکیدار کے سینے پر لگی اور اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس نے زخمی وکیل کوٹراما سینٹر میں داخل کرایا ہے۔
سی او سروجنی نگر ہریندر کمار نے بتایا کہ پراگ ڈیری چوراہے پر ’ڈی فار ویڈنٹ‘ نام کا بیئربار کم ریسٹورینٹ ہے اس ریسٹورینٹ کو بھاویش نام کا شخص چلارہا ہے۔ ریسٹورینٹ میں راہیل بطور منیجر اور آدرش و چندن منڈل نام کے دو ویٹر ہیں۔ اتوار کی رات ریسٹورینٹ میں پارٹی چل رہی تھی اس دور
ان ریسٹورینٹ کے باہر پان کی گمٹی پر آشیانہ سیکٹر ڈی-۱؍ایل ڈی اے میں رہنے والے ۳۰سالہ ایل ڈی اے ٹھیکیدار آتم پرکاش اپنے ساتھی وکیل کرشنا نگر کے رتنیش پانڈے اور اوم پرکاش کے ساتھ پہنچے۔ یہ لوگ پان کی گمٹی سے سامان خرید رہے تھے کہ اسی درمیان ریسٹورینٹ کا ایک ویٹر گمٹی پر سگریٹ لینے کیلئے آیا کسی بات پر ویٹر کا ٹھیکیدار اور ان کے ساتھیوں سے جھگڑا ہو گیا۔ جواتنا بڑھا کہ ان لوگوں نے ویٹر کو پیٹ دیا۔ ویٹر اپنی جان بچا کر ریسٹورینٹ پہنچا اور منیجر کو اطلاع دی۔ ویٹر کے ساتھ مارپیٹ کی بات سن کر منیجر بھی باہر آگیا۔ اس پر ٹھیکیدار اور اس کے ساتھیوں نے منیجر کو بھی پیٹا۔
منیجر اپنی جان بچا کر ریسٹورینٹ کے اندر پہنچا اور شٹر گرانے لگا۔ اسی درمیان ٹھیکیدار اور اس کے ساتھیوں نے ریسٹورینٹ کی پارکنگ میں کھڑی ایک کار کا شیشہ توڑ دیا۔ کار کا شیشہ ٹوٹنے کی آواز سن کر جب کار مالک باہر نکلا تو ٹھیکیدار اور اس کے ساتھیوں نے کار مالک کو پیٹا اورزبردستی ریسٹورینٹ کے اندر گھس گئے۔ ریسٹورینٹ میں پارٹی چل رہی تھی۔ اچانک پارٹی کے دوران نشے میں بدمست ٹھیکیدار اور اس کے ساتھیوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ تینوں کی شہ زوری دیکھ کر پارٹی میں موجود ایک شہ زور نے اپنی لائسنسی ریوالور نکالی اورٹھیکیدار اور اس کے ساتھ موجود وکیل کو گولی مار دی۔ گولی ٹھیکیدار کے سینے پر لگی اور اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ وہیں گولی لگنے سے وکیل رتنیش پانڈے بھی زخمی ہو گیا۔ پارٹی کے دوران اچانک فائرنگ اورہنگامہ کی وجہ سے وہاں افراتفری مچ گئی اور سبھی لوگ موقع سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ اطلاع ملنے پر جب تک سروجنی نگر پولیس موقع پر پہنچتی تب تک منیجر و ویٹر کو چھوڑکر سبھی لوگ فرار ہو چکے تھے۔ پولیس نے زخمی وکیل کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا۔ ایل ڈی اے کے ٹھیکیدار کے قتل کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پولیس کے افسر بھی پہنچ گئے اورلاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا۔ پولیس نے اس معاملہ میں ریسٹورینٹ کے منیجر اور ویٹرکے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ آتم پرکاش کی تین سال قبل سونم نام کی لڑکی سے شادی ہوئی تھی۔
ریسٹورینٹ میں ہوئی اس سنسنی خیز واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد پولیس کو ٹھیکیدار اور وکیل کو گولی مارنے والے ایک پراپرٹی ڈیلر کا پتہ چلا ہے۔ اب تک کی تفتیش سے پولیس کو اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ پارٹی میں موجود تالکٹورہ کے پراپرٹی ڈیلر نے اپنی لائسنسی ریوالور سے ٹھیکیدار اور وکیل کو گولی ماری تھی ایس ایس پی کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی اس واردات کے ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
مقررہ وقت سے زیادہ دیر تک کھلا تھا ریسٹورینٹ
شہر میں رات گیارہ بجے کے بعد بیئر بار اور ریسٹورینٹ کھولے جانے کی اجازت نہیں ہے اس کے باوجود سبھی قوانین کو طاق پر رکھ کر ریسٹورینٹ رات تقریباً ۳۰:۱۱بجے تک کھلا تھا۔ پولیس کی لکھا پڑھی میں واردات رات تقریباً ۳۰:۱۱بجے ہوئی۔ اب سوال پیدا ہونے لگا ہے کہ جب رات ۱۱بجے کے بعد کوئی بیئر بار یا ریسٹورینٹ نہیںکھلے گا تو جس ریسٹورینٹ میں یہ واردات ہوئی وہ کیسے کھلا تھا؟ اور مقامی پولیس کو اس کی اطلاع کیوں نہیں تھی؟ دوسری جانب ایک طرف انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد پولیس روز اعداد وشمار بھیج کر اس بات کا ثبوت دے رہی ہے کہ اس نے ہزاروں کی تعداد میں لائسنسی اسلحہ جمع کرائے ہیں اب سوال ہے کہ تالکٹورہ علاقے کے جس پراپرٹی ڈیلر کا نام اس واردات میں سامنے آرہا ہے اس کا لائسنسی اسلحہ کیوں نہیں جمع کرایا گیا۔ اس طرح شہر میں نہ جانے ابھی کتنے اور لوگ ہوںگے جن کے پاس اپنے لائسنسی اسلحہ موجود ہوں گے اور جمع نہیں کئے گئے ہوںگے۔