لکھنو ¿: بنتھرا علاقہ میں شہ زور بھائیوں نے معمولی کہا سنی کے سبب اپنے چچا کے گھر میں گھس کر مار پیٹ کی۔ شہ زوروں نے متاثر کے کنبہ والوں کو لاٹھی ڈنڈوں سے زد و کوب کیا۔ اس مار پیٹ میں ایک حاملہ کو بھی کافی چوٹ آئی ہے اور اس کو علاج کیلئے بلرامپور اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بنتھرا کے ہمیر پور کا رہنے والا سائیکل دکاندار مہیش اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ بتاےا جاتا ہے کہ سنیچر کو اس کا بیٹا موہن بنتھرا بازار بال کٹوانے کیلئے گیا تھا۔ نائی کی دکان پر کرسی پر بیٹھنے کے سلسلہ میں موہت کا اپنے چچا زاد بھائی سمت سے تنازعہ ہو گیا۔اس وقت تو لوگوں نے درمیان میں پڑ کر معاملہ کو خاموش کرا دیا۔ بتا یا جاتا ہے کہ اسی تنازعہ کے سلسلہ میں اتوار کو سمت، اس کا بھائی امت اور سشیل وپن لاٹھی ڈنڈے لیکر مہیش کے گھر میں داخل ہوئے۔ ان لوگوں نے گھر میں موجود سبھی لوگوں کو بری طرح پیٹا۔ مار پیٹ کی اس واردات میں مہیش، اس کی اہلیہ کیتکی ،راہل، اس کی اہلیہ سمن ، روہت اور اس کی حاملہ اہلیہ کاجل و موہت زخمی ہو گئے۔ سبھی زخمیوں کو علاج کیلئے سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا ہے جہاں سے کاجل کو بلرامپور اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس معاملہ میں ملزم کے خلاف نامزد رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔