لکھنؤ:سعودی عرب میں شیخ باقر النمر اور دیگر کی پھانسی کی مخالفت میں اتوار کو آل انڈیا شیعہ یوتھ فیڈریشن کی جانب سے سعادت گنج واقع روضہ کاظمین میں مخالفت میں ایک جلسہ کا انعقاد کیاگیا ۔ جلسہ میں سعودی حکومت کی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے سعودی حکومت مخالف نعرے بازی کی گئی اور پتلہ نذرآتش کیاگیا ۔
جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا ابو افتخارزیدی نے کہا کہ سعودی حکومت نے شیخ باقر النمر اور دیگر لوگوں کو پھانسی کی سزادے کر اپنے انسانیت مخالف ہونے کا ثبوت دیاہے۔ سعودی حکومت نے شیخ باقر کی لاش بھی ان کے عزیزوںکو نہیں دی ۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر فاضل حسین لڈن نے کہا کہ سعودی عرب ، نائیجریا اور پاکستان سے کسی طرح کا کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہئے ۔ تینوں ہی ملک ایک پالیسی پر کام کرتے ہیں ۔ جس کا مقصد بے گناہوںکا قتل ہو ۔ان ملکوں کا سرغنہ اسرائیل ہے جس کی رہنمائی پر یہ مسلمانوں کا قتل عام کرتے ہیں ۔ جلسہ کے دوران اقوام متحدہ کو مخاطب ایک عرضداشت بھیجی گئی ۔ جلسہ میں فیڈریشن کے علاوہ انجمن قدیم آل عبا،الاجل امام زمانہ کمیٹی ، جماعت حی علی خیر العمل سمیت دیگر تنظیموںکے عہدے دار بھی شامل تھے ۔