شیر خوار بچوں کی بہترین افزائش اور پُر سکون نیند کیلئے مساج ضروری ہوتا ہے۔ اس سے نہ صرف ان کے اعضاء چست و توانا رہتے ہیں بلکہ یہ عمل ان کے جسم کے دوران خون کو بھی تیز کرتا ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگائیں کہ اگر مائیں روزانہ صحیح طریقہ کار سے نوزائدہ کا مساج کریں تو وزن بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس کی جسمانی نشو نما بھی بہترین انداز سے ہو سکے گی۔ لہٰذا شیر خوار کا مساج کرتے وقت ماؤں کو کن کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے آئیے جانتے ہیں۔
مساج کرنے سے پہلے ضرورت کی تمام چیزیں مثلاً بے بی آئل، ٹشو پیپر، ڈائپر، بچے کے صاف کپڑے ، تولیہ وغیرہ نکال کر اپنے پاس رکھ لیں چھوٹے بچوں کی جلد بہت نرم و نازک ہوتی ہے ذرا سی بے احتیاطی ان کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی ہے چنانچہ احتیاط کا تقاضہ یہ ہے کہ اپنے ہاتھوں سے جولری اتاردیں ناخنوں کی لمبائی کو حتی الامکان چھوٹا رکھیں، بچے کو لٹانے کیلئے نرم تولیہ یا ریپنگ شیٹ کو ہموار سطح پر بچھائیں تاکہ بچہ گرنے سے محفوظ رہے۔ بچے کے کپڑے اتار کر اسے سر کے بل سیدھا لٹا لیں۔ مساج کیلئے اپنی ہتھیلی پر پہلے تقریباً آدھا چائے کا چمچ آئل لیں اسے اپنی ہتھیلیوں پر مل کر بچے کے جسم پر لگائیں مساج کے دوران آئل کی مقدار ناکافی محسوس ہو تو مزید لے لیں۔دوران مساج بچے کو مصروف رکھنے کیلئے اس کے ہاتھ میں کوئی کھلونا دے دیں یا اس سے باتیں کرتی رہیں۔ بچہ تنگ ہونے کے بجائے خوش دلی سے مساج کروائے گا۔ مائیں اپنی انگلیوں اور ہتھیلیوں کی مدد سے ہلکے ہلکے گولائی میں بچے کے سینے اور پیٹ کا مساج کریں۔ کاندھوں پر بھی اسی انداز سے مساج کریں۔ جبکہ ہاتھوں اور پیرو
ں پر اوپر سے نیچے کی جانب مالش کریں۔ پیٹھ کے حصہ پر نیچے سے اوپر کی جانب مساج کرنا بہتر رہتا ہے۔ مساج کے دوران بچوں کی ملائم جلد پر زور آزمائی سے گریز کریں۔ خاص طور پر ریڑھ کی ہڈی والے حصے پر کیونکہ ان کے اعضاء نازک ہوتے ہیں اور یہ طریقہ کار ان کے اعضا کو نقصان پہنچاسکتا ہے چھوٹے بچوں کو انگلیاں منہ میں ڈالنے کی عادت ہوتی ہے اکثر وہ ہاتھوں سے آنکھیں بھی ملتے ہیں لہٰذا ان حصوں پر آئل کا استعمال مت کریں۔
عموماً شیر خواروں کی جلد پر ریشز پڑ جاتے ہیں اور حفاظتی ٹیکے لگنے کا عمل بھی جاری ہوتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ مائیں ان متاثرہ حصوں پر مساج سے احتیاط برتیں جب مساج مکمل ہو جائے تو شیر خوار کو کپڑے پہنا کر صاف تولیہ میں لپیٹ لیں اور کاندھے سے لگالیں تولیہ کی گرماہٹ بچے کو پُر سکون کر دے گی۔
ماؤں کو یہ بات دھیان میں رکھنا چاہئے کہ فیڈنگ سے پہلے اور فوراً بعد بچے کا مساج ہر گز نہ کریں درمیان میں وقفہ ضرور دیں۔ مساج شیر خوار کے جسمانی اعضاء کو چست اور مضبوط کرتا ہے چنانچہ مائیں یہ عمل چار سال کی عمر تک جاری رکھ سکتی ہیں۔