لکھنؤ(نامہ نگار)اترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے۸ ہونے والے انتخاب کیلئے ۳۳متولیوں کے ناموں کی فہرست تیار ہو گئی ہے۔ اس فہرست میں ۲۵متولی، پرانے متولیوں کے ساتھ آٹھ نئے متولیوں کا نام جوڑا گیا ہے۔ وقف بورڈ چیئر مین وسیم رضوی نے بتایا کہ ایک لاکھ روپئے سالانہ آمدنی والے وقف کے سبھی متولیوں سے اپنے ثبوت سمیت دعویٰ کرنے کو کہا گیا تھا جانچ کے بعد فہرست میں آٹھ نئے متولیوں کا نام جوڑا گیا ہے۔ پرانی فہرست کے اراکین پر اعتراض کرتے ہوئے گذشتہ کئی بار وقف بورڈ کا انتخاب ملتوی ہو چکا ہے ایسے میں انتخاب کے سلسلہ میں ٹکراؤ کا امکان پھر بن رہا ہے۔ بورڈ کی تشکیل کیلئے شروع ہوئے عمل کے تحت ۲۴سے ۳۰؍اپریل تک انتخابی فہرست کی اشاعت ہوگی، ۲مئی تک اعتراضات قبول کئے جائیںگے،اعتراضات کا نمٹارہ ۵مئی تک کیاجائے گا۔