لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا کلب جواد نقوی کے خلا ف نازیبا زبان کے استعمال کے خلاف اتوارکے روز مظاہرہ کرتے ہوئے شیعہ وقف بورڈ کے چیئر مین کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ وقف بورڈ چیئر مین وسیم رضوی کی مولانا کے خلاف بیان بازیوں سے ناراض مظاہرین کا کہنا تھا کہ مولانا کے خلاف بیان بازیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ دوسری جانب سنیچر کے روز عالم نگر واقع وقف سجادیہ کے احاطہ میں بھی وقف بورڈ چیئر مین کا پتلا نذر آتش کر کے مقامی لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ وقف بورڈ چیئر مین وسیم رضوی کے ذریعہ مولانا کلب جواد کے خلاف دیئے جا رہے مسلسل بیانوں سے ناراض شیش محل کے رہنے والوں نے بھی اتوار کے روز مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ میںشامل نوجوانوں نے وسیم رضوی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ نوجوانوں نے ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ اس سے قبل مولانا کلب جواد کو وقف سجادیہ کے متولی کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے خلاف سنیچر کے روز عالم نگر واقع وقف سجادیہ احاطہ کے رہنے والوں نے بھی مظاہرہ کیا۔
مظاہرہ میںشامل کثیر تعداد میں خواتین نے الزام لگایا تھا کہ وقف بورڈ چیئر مین بدعنوان متولی کو تعینات کرنا چاہتے ہیں۔ خواتین نے مظاہرہ کر کے وقف بورڈ چیئر مین کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ واضح رہے کہ اترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ نے گزشتہ چھ جنوری راجدھانی کے کئی اوقاف سمیت ریاست کے ۲۷ متولیوں کو ہٹاکر نئے متولیوں کی تعیناتی کر دی تھی۔ اس کے خلاف کربلا تالکٹورہ کے رہنے والوں نے بھی وقف بورڈ چیئر مین پر ذاتی مفاد کی خاطر متولیوں کو ہٹانے کا الزام لگاتے ہوئے ان کا پتلا نذر آتش کیا تھا۔