ممبئی ؛ اسٹار کے سابق سی ای او اور اندرانی مکرجی کے شوہر پیٹر مکرجی نے آج شینا بورا کے پراسرار قتل کے مقدمہ میں تفتیش کی گئی جبکہ پولیس کی تفتیش میں تیز رفتاری پیدا ہوگئی۔ دیگر کئی افراد جیسے اندرانی کے فرزند میخائیل اور سابق شوہر سنجیو کھنہ جنہوں نے اغوا اور قتل میں اہم کردار ادا کیا تھا، تفتیش میں شامل کرلئے گئے۔ پیٹر قبل ازیں اندرانی اور شینا کے درمیان رشتہ کے بارے میں متضاد بیانات دیتے رہے ہیں۔ انہیں پہلی بار تفتیش کے لئے ہار پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا جہاں کمشنر راکیش ماریا بھی موجود تھے۔ ان کے بھائی گوتم سے بھی مختصر وقت کے لئے تفتیش کی گئی۔ بعدازاں کھنہ کو کھار پولیس اسٹیشن تفتیش کے لئے منتقل کردیا گیا۔ کھنہ کو مشترکہ تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ ان کے ساتھ اندرانی اور ان کا ڈرائیور ایس پی رائے بھی تھے۔ عدالت میں پولیس نے کہا تھا کہ شینا کو اغوا کرکے جنگل میں لے جاکر اس کا گلا گھونٹاگیا تھا۔ شینا بورا قتل کیس کے سلسلہ میں گرفتار اندرانی مکرجی کے سابق شوہر سنجیو کھنہ کو آج باندرہ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے 31اگسٹ تک پولیس تحویل میں دے دیا ۔ عدالت میں پولیس نے یہ الزام عائد کیا کہ سنجیو کھنہ نے اندرانی کی 24سالہ دختر شینا کے قتل کی سازش میں سرگرم رول ادا کیا ہے۔ اس نے اس مقام کی بھی نشاندہی کی ہے جہاں پر شینا کو 24اپریل 2012ء کو موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا تھا۔ پولیس کا یہ استدلال ہے کہ سابق اسٹار سی ای او پیٹر مکرجی کی اہلیہ اندرانی اور ان کے ڈرائیور شیام رانے اور کھنہ نے شینا کا ایک کار میں اغواء کرکے ضلع گڑھ میں پین ٹاؤن کے قریب ایک جنگل میں لے گئے اور گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔ بعد ازاں تینوں نے نعش پر پٹرول ڈال کر نذر آتش کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ ان اشیاء اور کارکو بازیاب کرنا چاہتے ہیں جس کا استعمال قتل اور اغواء میں کیا گیا جبکہ سنجیو کھنہ کا پاسپورٹ، لیپ ٹاپ اور موبائیل فون ضبط کرلیا گیا ہے۔ دریں اثناء قتل کیس کی ملزمہ اندرانی مکرجی کے وکیل ایک مقامی عدالت سے رجوع ہوکر پولیس کی تحویل میں محروس اندرانی سے ملاقات کی اجازت طلب کی ہے جبکہ اندرانی نے عدالت میں کل یہ شکایت کی تھی کہ پولیس ان کے وکلاء سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ باندرہ کی عدالت نے عرضی کی سماعت کے دوران پولیس کو ہدایت دی کہ ملزم کے حقوق پر عدالت العالیہ کے رہنمایانہ خطوط کی تعمیل کریں۔ دریں اثناء قتولہ شینا بورا کے بھائی میکائیل بورا آج صبح گوہاٹی سے ممبئی پہنچے بتایا کہ وہ اپنی بہن کے قتل کی تحقیقات میں پولیس سے تعاون کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے کہا کہ شینا کے قتل کے سلسلہ میں ان کے پاس ثبوت ہیں جس کے انکشاف سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔