ہیڈن نے 66 ٹیسٹ میں چار سنچری اور 18 نصف سنچری کی مدد سے 3266 رنز بنائے
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
37 سالہ ہیڈن نے گذشتہ سال ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انگلینڈ کے خلاف حالیہ ختم ہونے والی ایشز سیریز کے بیچ میں ان کی جگہ پیٹر نیول کو جگہ ملی تھی۔
ایشز میں آسٹریلیا کو دو کے مقابلے تین میچوں سے شکست کا سامنا رہا تھا اور اس سریز کے دوران ہی کئی کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
سب سے پہلے ریان ہیرس کے ریٹائرمنٹ کا اعلان سامنے آیا، پھر کپتان مائکل کلارک نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا۔
اس کے بعد کرس روجرس اور چند دنوں قبل معروف آل راؤنڈر شین واٹسن نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ہیڈن کو 30 سال کی عمر تک ٹیم میں شامل ہونے کے لیے انتظار کرنا پڑا
بریڈ ہیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم نیو ساؤتھ ویلز کے لیے بھی نہیں کھیلیں گے۔ وہ اب صرف ٹی ٹوئٹی کی بگ بیش لیگ میں سڈنی سیکسر کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے۔
انھوں نے کہا: ’میں نے 17 سال تک کھیل کا مزہ لیا اور میں اپنے فیصلے پر مطمئن ہوں۔‘
انھوں نے کہا: ’میں خوش قسمت رہا لیکن ایشز کے دوران میری کھیل کی بھوک ختم ہو گئی اور ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لینا آسان ہو گیا۔‘
ہیڈن کو پہلی بار سنہ 2001 میں ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ انھوں نے 66 ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جبکہ 126 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میں بھی ملک کی نمائندگی کی۔
ہیڈن کو پہلی بار سنہ 2001 میں ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا
خیال رہے کہ اس سے قبل سنہ 14-2013 کے ایشز کی فتح میں ہیڈن نے کلیدی کردار ادا کیا تھا انھوں نے 61.62 کی اوسط سے 493 رنز بنائے تھے۔
اور ون ڈے سے ریٹائر ہونے سے قبل انھوں نے آسٹریلیا کو ورلڈ کپ میں فاتح بنانے میں بھی اپنا کردار نبھایا تھا۔
انھیں آسٹریلیا کی ٹیم میں شامل کیے جانے کے لیے 30 سال کی عمر تک انتظار کرنا پڑا تھا کیونکہ وکیٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کی فارم کم ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا۔
ہیڈن نے 66 ٹیسٹ میں چار سنچری اور 18 نصف سنچری کی مدد سے 3266 رنز بنائے۔ انھوں نے 262 کيچز لیے جبکہ آٹھ کھلاڑیوں کو سٹمپ آؤٹ کیا۔