لکھنؤ: سماج وادی پارٹی سے برطرف قومی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو کے ممبر پارلیمنٹ بیٹے اکشے یادو نے اپنے چچا شیو پال سنگھ یادو پر اترپردیش کاوزیر اعلی بننے کے لئے اکھلیش یادو کو برطرف کرنے کی سازش تیار کرنے کا الزام لگایا ہے ۔
مسٹر یادو نے آج صفحات پر مشتمل خط میڈیا کو ارسال کیا ہے ۔ خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ ‘ مسٹر شیو پال سنگھ یادو شرو ع سے ہی اکھلیش کو وزیر اعلی بنانے کے خلاف تھے ۔ سال 2012 میں پارٹی کے زبردست اکثریت سے اقتدار میں آنے کے بعد جب اکھلیش یادو کو وزیر اعلی بنائے جانے کی پیش کش کی گئی تو چچا شیو پال نے براہ راست دھمکی دی تھی کہ اگر اکھلیش کو وزیر اعلی بنایا گیا تو وہ کوئی بھی وزارتی عہدہ قبول نہیں کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد پروفیسر رام گوپال یادو نے اس وقت شیو پال کی مخالفت کی تھی او راسی وقت سے وہ مجھ سے ، میرے والد سے اور اکھلیش سے ناراض ہیں۔ اپنے وزارت کے ماتحت محکموں سے انہوں نے میرے پارلیمانی حلقہ فیروز آباد میں ترقی کی کوئی اسکیم مکمل نہیں ہونے دی ۔