کولمبو: سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے بے حال ہندوستانی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے اور اوپنر شیکھر دھاون انجری کے سبب مکمل دورہ سری لنکا سے باہر ہو گئے ہیں۔ شیکھر دھاون گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 134 اور 28 رنز کی باریاں کھیل کر ہندوستان کے سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے۔ گال ٹیسٹ کے دوران گیند لگنے سے وہ زخمی ہو گئے تھے جہاں طبی معائنے کے بعد ان کے سیدھے ہاتھ میں فریکچر کا انکشاف ہوا ہے جس سے نجات پانے میں انہیں کم از کم چار سے چھ ہفتے لگیں گے۔
ہندوستانی بورڈ نے آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کیلئے دھاون کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا لیکن آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی کو اسکواڈ کے 16ویں کھلاڑی کے طور پر دستے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل اوپنر مرلی وجے ان فٹ ہو کر میچ سے باہر ہو گئے تھے اور ان کی جگہ لوکیش راہل کو ٹیسٹ میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔ دھاون کے متبادل کا اعلان نہ کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وجے دوسرے ٹیسٹ کے لیے فٹ ہو چکے ہیں اور ممکنہ طور پر کولمبو میں فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔