سدھارتھ نگر(نامہ نگار)سدھارتھ نگر پریس کلب کے ارکان اور عہدیداران نے پریس کلب کے صدر نظیر ملک کی قیادت میں وزیر اعلیٰ کو مخاطب ایک عرضداشت ضلع مجسٹریٹ کو سپرد کرتے ہوئے گورکھپور میں ایمس کی تاسیس کامطالبہ کیا۔عرضداشت میں پریس کلب کے اراکین نے کہا ہے کہ گورکھپور ہی ایک شہر ہے جہاں ہندوستان ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک نیپال سے بھی مختلف امراض کے ہزاروں مریض پرائیوٹ اسپتالوں سمیت میڈیکل کالج میں داخل ہوتے ہیں، ان میں سیکڑوں مریضوں کو لکھنؤ اور دہلی بھیج دیا جاتا ہے ۔طویل مسافت کے سبب درجنوں مریض ناگہانی موت کا شکار ہوجاتے ہیں، اس لئے عوامی مفادپیش نظرگورکھپور میں ہی ایمس کی تاسیس ہونی چاہئے ۔عرضداشت سپردکرنے والوں میں پریس کلب صدر نظیر ملک، نائب صدر جے پرکاش گپتا، ساجد علی صدیقی، بال مکند ترپاٹھی، سہیل احمد صدیقی، کلیم اللہ، کیلاش دویدی، غلام علی صدیقی وغیرہ شامل تھے ۔