روز مرہ زندگی میں ریفریجریٹر ہر گھر کی ضرورت ہے اور اس کا استعمال پورے سال ہی ہوتا ہے کیونکہ کھانے پینے کی دیگر چیزوں کے علاوہ سبزیاں ، گوشت، پھل اسی میں رکھے جاتے ہیں لہٰذا گھر بھر کی صحت کیلئے اس کی صفائی ستھرائی توجہ کی متقاضی ہے۔ اکثر اوقات خاتون خانہ مصروفیات کی بناء پر اس کی صفائی کا اہتمام نہیں کر پاتیں۔کافی دنوں تک صاف نہ کرنے کی وجہ سے اس میں بو پیدا ہونے لگتی ہے جو نہایت ناگوار گزرتی ہے۔ ہر ہفتہ نہیں لیکن مہینے میں کم از کم ایک سے دو بار اس کی مکمل صفائی کا اہتمام لازمی کریں۔ فریج کی صفائی شروع کرنے سے پہلے سوئچ بند کر دیں ۔ فریزر کا دروازہ کھول دیں تاکہ برف پگھل جائے اور اسے نکالنے میں آسانی رہے۔ کھانے پینے کی تمام چیزیں باہر نکال لیں۔ ریک اور شیلف بھی نکال لیں۔ نیم گرم پانی میں واشنگ پاؤڈر ملا لیں اور اس پانی میں تمام ریک اور شیلف بھگو دیں۔ پندرہ سے بیس منٹ بھگونے
کے بعد انہیں اسفنج سے رگڑ کر پانی سے دھو لیں ۔ بعد ازاں خشک کر لیں۔ پھر واشنگ پاؤڈر ملے پانی میں اسفنج گیلا کر کے فریج کے اندرونی حصے کی صفائی کریں اس کے بعد صفا کپڑا لے کر پانی سے دھوئیں اور دوبارہ فریج صاف کریں یہ عمل دو سے تین مرتبہ دہرائیں تاکہ واشنگ پاؤڈر ملا پانی پوری طرح صاف ہو جائے پھر سوکھے کپڑے سے فریج کے اندرونی حصے کی صفائی کرنے کے بعد گیلے اسفنج سے بیرونی حصہ کی بھی صفائی کر لیں ۔ جتنی دیر میں یہ تمام عمل مکمل ہوگا فریز رکی برف پگھل جائے گی اور آسانی سے صاف ہو جائے گی۔ سامان دوبارہ رکھنے سے پہلے اچھی طرح تسلی کر لیں کہ فریج میں نمی نہ ہو بلکہ اس کو ایک سے دو گھنٹے تک مکمل طور سے خشک ہو جانے دیں۔ ریک اور شیلف جگہ پر لگا دیں فریج میں سامان دوبارہ رکھنے سے قبل کسی کھلے برتن میں پیکنگ پاؤڈر رکھ دیں یہ اپنے اندر کھانے کی مختلف چیزوں سے پیدا ہونے والی مہک کو جذب کر لے گا۔ اور آئندہ فریج کا دروازہ کھلنے پر بو نہیںآئے گی۔فریج کی کارکردگی دیرپا رکھنے کیلئے ایک ہی وقت میں زیادہ چیزیں نہ رکھیں سامان جتنا کم رکھیں گی کولنگ اتنی زیادہ ہوگی ۔