لکھنؤ(نامہ نگار)اٹونجہ علاقے میں پیر کو موٹرسائیکل سوار دو بدمعاشوں نے صراف تاجر سے زیورات سے بھرا تھیلاچھین لیا۔ اس واقعہ کے بعد ناراض افراد نے سڑک پر جام لگاکر مظاہر ہ کیا۔ موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد چوری کی رپورٹ درج کی۔ ایس پی دیہی سومت یادو نے بتایا کہ اٹونجہ قصبہ کے رہنے والے صراف تاجر اجیت سنگھ کی قصبہ میں ہی دیوی مندر کے پاس صراف کی دکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ معمول کے مطابق وہ صبح ۹سے ۱۰بجے کے درمیان اپنی دکان کھولنے کیلئے نکلے۔ دکان کھولنے سے پہلے انہوں نے زیورات سے بھرا تھیلا دکان کے باہررکھ دیا اور قریب میں ہی پانی لینے چلے گئے۔ اس درمیان لال گنج کی پلسر موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاش اجیت کا زیورات سے بھرا تھیلا لے کر فرار ہوگئے۔ جب لوگوں کی نظر ان بدمعاشوں پر پڑی تو انہوں نے شور مچادیا۔ لیکن جب تک موٹر سائیکل سوار بدمعاش فرار ہوگئے تھے۔ صراف تاجر کے ساتھ ہوئے اس واقعہ کے بعد ناراض دکانداروں نے سڑک پر جام لگاکر مظاہرہ شروع کردیا۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس اور سی او بی کے ٹی جے پی سنگھ نے ملزموں کو جلد گرفتار کئے جانے کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس نے اس معاملے میں اجیت سنگھ کی
تحریر پر چوری کی رپورٹ درج کرلی۔