لکھنؤ(نامہ نگار)ملیح آبادعلاقے میں چوری کاسلسلہ بدستورجاری ہے اور پولیس چوروںکے آگے بے بس نظرآرہی ہے ۔سنیچر کی دیرشب چوروں نے ایک صراف کی دکان میں نقب لگائی اور۱۳لاکھ کی چوری کی واردات کوانجام دے کربھاگ نکلے ۔ ہر بارکی طرح تاخیر سے پہنچی پولیس نے اس معاملے میں چوری کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ہمارے ملیح آباد رپورٹر نے بتایا کہ محمود نگر کے رہنے والے مکیش کمارگپتاصرافہ کاروباری ہے ۔ان کی مرزاگنج میں گپتاجیولرس کے نام سے دکان ہے ۔زیورات کے علاوہ مکیش کپڑافروخت کرنے کاکام بھی کرتے ہیں۔سنیچر کی دیر شب وہ ا پنی دکان بند کرکے گھر چلے گئے۔مکیش کی دکان کے پیچھے ایک کھنڈر ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ سنیچر کی دیرشب چور کھنڈرکے راستے گیلری میں گھسے اور نقب لگاکردکان کے اندرداخل ہوگئے۔اس کے بعد چور ان کی دکان سے چھ کیلو چاندی ، ۳سو گرام سونے کے زیورات اور دس ہزارروپئے نقد چوری کرلے گئے۔ اتوار کی ص
بح جب دکاندار مکیش اپنی دکان پہنچے اورتالاکھولا توان کے پیروں سے زمین نکل گئی ۔دکان میںرکھاساراسامان بکھراپڑ ا تھا۔ دکاندار نے اس بات کی اطلاع ملیح آباد پولیس کودی۔ موقع پرپہنچی ملیح آباد پولیس نے تفتیش کرکے اس معاملے میں چوری کی رپورٹ درج کرلی ہے ۔ملیح آباد میں چوری کی یہ تیسری بڑی واردات ہے ۔چند روز قبل چور محمود نگرسے ایک بلیروگاڑی چوری کرلے گئے تھے۔ اس سے قبل چورعیسیٰ پور میں رہنے والے دوریلوے ملازمین کے گھر سے بیس لاکھ روپئے کامال چرالے گئے تھے۔ ملیح آباد پولیس اب تک کسی بھی واردات کاپردہ فاش نہیں کرپائی ہے ۔