کانپور (نامہ نگار)۸مارچ کو ہر سال بین الاقوامی یوم خواتین کا انعقاد کیا جاتاہے کانگریس نے پورے ہفتہ مختلف مقامات پر پروگراموں کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں مہانگر پارٹی کے دفتر پر ایک مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی خاتون شاخ صدر جمنا جھا نے کہا کہ خواتین کو سب سے زیادہ مواقع کانگریس نے ہی دیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی قومی صدر ایک خاتون ہیں۔ پارٹی نے پارلیمنٹ اسپیکر کا عہدہ بھی ایک خاتون کو دیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک اور ریاستی صدر کے عہدہ پر بھی ایک خاتون رہ چکی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ اگر خواتین کا کہیں پر بھی وقار قائم ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قومی نائب صدر راہل گاندھی خاتون تفویض اختیارات پر ہمیشہ زور دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں بھی خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کی کوشش کی ہے۔ پروگرام میں انوسوئیا شرما، آرتی دیکشت، نیلم چورسیا، کرشنا بوس اور روماچٹرجی وغیرہ موجود تھے۔