ذرائع نے ‘العربیہ’ نیوز چینل کو بتایا ہے کہ یمنی شہر صعدہ میں عرب اتحادی فوج کی بمباری سے میزائل بنانے والی فیکٹری میں کام کرنے والے 5 ایرانی ماہرین اور متعدد ٹیکنیشنز ہلاک ہو گئے۔
صدر منصور ہادی کے گھر پر اتحادی فوج کی بمباری سے حوثیوں کے متعدد قائدین کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔ حوثیوں نے صدر ہادی کے مکان پر قبضہ کر کے اسے اپنا مسکن بنا رکھا تھا۔
اتحادی طیاروں نے یمن کے مختلف شہروں میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور گولا بارود کے گوداموں پر بمباری کی۔ عینی شاہدین نے ‘العربیہ’ کو بتایا کہ اتحادیوں کے مارب گورنری کے علاقے صرواح میں معزول صدر علی عبداللہ صالح اور حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
دارلحکومت صنعاء کے شمالی علاقے میں اتحادی طیاروں کی بمباری کے بعد ہونے والے زوردار دھماکوں سے فوجی انجینئرنگ کالج لرز اٹھا۔
اتحادی لڑاکا طیاروں نے شمالی صنعاء ہی میں واقع ایئر ڈیفنس کے ہیڈکوارٹرز اور جبل النھدی اور دارلحکومت کے جنوب میں واقع دار الرئاسہ پر بھی بمباری کی۔
فضائی حملوں کا سلسلہ ابین، حجہ، عدن، شبوہ، الجوف اور الضالع کے علاقوں میں بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔
درایں اثنا حوثیوں کے خلاف لڑائی کی خصوصی تربیت حاصل کرنے والی پہلی ‘الفتح بٹالین’ حضر موت کے علاقے العبر پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔