لکھنؤ(نامہ نگار)۔مہانگر علاقہ میں ایک صفائی ملازم کی لاش پراسرار حالات میں ریلوے لائن پر پڑی ملی ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کی موت ٹرین کی زد میں آنے کے سبب ہوگئی ہے ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔ متوفی سے ملے موبائل فون کی مدد سے حادثہ کی اطلاع اس کے اہل خانہ کودی گئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مہانگر کے نشاط گنج پیپر مل کالونی کے رہنے والا نجی صفائی ملازم ۳۰سالہ راجیندر کمار جمعرات کی شام اپنے بھتیجے کی سالگرہ میں گیا تھا ۔ وہاں سے دیر شب جب وہ نکلا تو گھر نہیں پہنچا ۔
بادشاہ نگر ریلوے کراسنگ کے نزدیک اس کی لاش ٹرین سے کٹی ہوئی پڑی ملی ۔ جمعرات کی صبح لوگوں نے جب لاش ریلوے لائن پر پڑی دیکھی تو اطلاع پولیس کو دی ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ راجیندر نشہ کی حالت میں تھا اور ریلوے لائن پار کررہا تھا تبھی اچانک ٹرین اس کے سامنے آگئی اور وہ اس کی زد میں آگیا جس سے کٹ کر اس کی موت ہو گئی۔