صومالیہ میں ایک دہشت گردانہ حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔
صومالیہ کے مختلف ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق صومالیہ کے شہر گالکایو میں جمعرات کو ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے میں کم از کم چھے افراد جاں بحق ہو گئے جن میں ایک مقامی اعلی عہدیدار بھی شامل ہے۔
صومالیہ کی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خود کش حملہ آور نے شہر گالکایو کے عوام کے درمیان پہنچ کراس وقت خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب ایک مقامی اعلی عہدیدار بھی وہاں موجود تھا۔
الشباب دہشت گرد گروہ نے اس خود کش دہشت گردانہ بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دوسری جانب صومالیہ کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ شہر بلاد بنط میں بھی دہشت گردوں کے ایک خود کش حملے میں کم از کم دس افراد مارے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ صومالیہ کے مختلف علاقوں میں الشباب دہشت گرد گروہ کی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔ اگرچہ کئی علاقوں سے اس دہشت گرد گروہ کے مسلح افراد کا صفایا کر دیا گیا ہے تاہم مختلف علاقوں میں اس گروہ کے دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔