بروسلز: ناٹونے کہا ہے کہ وہ جنوبی سمت سے ترکی کے لئے خطر ہ پیدا ہونے کی صورت میں ضرورت پڑنے پر ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنی فوج بھیجنے کو تیار ہے ۔ ناٹو نے ترکی کی حفاظت کے لئے فوج بھیجنے کی بات روس¸ طیاروں کے ذریعہ ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور شام میں اس کے فضائی حملوں کو دیکھتے ہوئے کہی ہے ۔ ناٹو کے سربراہ جینس اسٹول رینبرگ نے بروسلز میں ناٹو کے وزراءدفاع کے اجلاس سے پہلے نامہ نگاروں سے کہا کہ ناٹو اتحاد ترکی سمیت اپنے تمام رکن ممالک کے لئے خطرے کی صورت میں ان کی مدد کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روس کے طیاروں اور کروز میزائلوں کے حملے سے تشویش کی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور ہم جنوبی ترکی سمیت دیگر مقامات پر اپنے فوجیوں کی تعیناتی پر غور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں فوجیوں کی تعداد کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔