جالندھر:پنجاب میں گرداس پور کے دینا نگر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد کی گئی سخت سیکورٹی انتظامات کو چکمہ دے کر ایک پاکستانی خاتون اٹاری۔ دہلی اسپیشل ٹرین میں پاسپورٹ اور ویزا کے بغیر جالندھر تک کسی جانچ کا سامنا کئے بغیر سفر کرنے میں کامیاب ہوگئی لیکن ریلوے پولیس نے اسے جمعرات دیر رات جالندھرریلوے اسٹیشن پر گاڑی سے اتار کر حراست میں لے لیا۔
ریلوے پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ لاہور سے دہلی جارہی اسپیشل ٹرین کے ٹی ٹی نے انہیں اطلاع دی تھی کہ گاڑی میں ایک مشتبہ خاتون بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے سفر کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جالندھر ریلوے اسٹیشن پر گاڑی کے پہنچنے پر اسے چار منٹ کے لئے رکوا کرخاتون کو گاڑی سے اتار لیا گیا۔ابتدائی پوچھ گچھ میں خاتون نے اپنا نام چندا خان بتایا ، وہ کراچی کی رہنے والی ہے ۔ اس نے اپنے شوہر کا نام سلمان خان اوردیور کا نام شاہ رخ خان بتایا ہے ۔ اس 27سالہ خاتون سے 771پاکستانی روپے اور کچھ میڈیکل رپورٹس ملی ہیں۔ چندا خان اردو اور ہندی میں بات کررہی تھی اور بار بار اپنے بیان بدل رہی تھی ۔ اس نے بتایا کہ وہ اداکار سلمان خان سے ملنے ہندوستان آئی ہے ۔پولیس اس خاتون کو اٹاری لے گئی ہے ، جہاں اس سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔