ایوریست سر کرنے کے لیے دنیا بھر سے کوہ پیما آتے ہیں
نیپال کی حکومت کم عمر، ضعیف اور معذور افراد کے ایورسٹ کو سر کرنے پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ان نئی تجاویز کے تحت 18 سال سے کم عمر اور 75 سال سے عمر کے کسی بھی فرد کو ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت سیاحت اس بات پر بھی زور دے رہی ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ آنے والے افراد کو ماضی میں کوہ پیمائی کا تجربہ بھی ہونا چاہیے۔
نیپال ہر سال ماؤنٹ ایورسٹ کے ذریعے لاکھوں ڈالر کماتا ہے لیکن پھر بھی اس پر خراب انتظامات کی وجہ سے تنقید کی جاتی ہے۔
سنہ 2014 میں ایک حادثے کے دوران 16 شیرپا کی ہلاکت کے بعد اس پہاڑی کو بند کر دیا گیا تھا اور رواں سال بھی شدید زلزلے کے بعد کوہ پیمائی روک دی گئی تھی۔ اس زلزلے کے نتیجے میں گرنے والے برفانی تودے تلے دب کر 18 کوہ پیما ہلاک ہو گئے تھے۔
گذشتہ دہائی کے دوران بہت سے افراد کو دنیا کی بلند ترین پہاڑی پر عالمی ریکارڈ قائم کرتے دیکھا گیا ہے۔ اب حکومت اس عمل کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے۔
ماؤنٹ ایورسٹ پر قدم رکھنے والے نوجوان کی عمر 13 سال اور اور سب سے بوڑھے شخص کی عمر 80 سال ہے۔
رواں سال آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 18 کوہ پیما ہلاک ہو گئے تھے
محکمہ سیاحت کے سربراہ گوویندا کرکی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کسی بھی ایسے شخص کو پرمٹ جاری نہیں کر سکتے ہیں جو دیکھ نہیں سکتا یا چل نہیں سکتا یا اس کے ہاتھ نہیں ہیں۔‘
’کوہ پیمائی کوئی مذاق نہیں ہے۔ یہ امتیازی سلوک کا مسئلہ نہیں ہے۔ بنا ٹانگوں کے آپ کیسے کوہ پیمائی کر سکتے ہیں۔ کسی نہ کسی کو آپ کو اٹھا کر لے جانا پڑے گا۔ ہم پہاڑی کو سب کے لیے محفوظ بنانا چاہتے ہیں، لہٰذا ہمیں بعض قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔‘
گوویندا کرکی نے یہ بھی کہا کہ حکومت ایسے کوہ پیماؤں کو پرمٹ جاری کرنے کے بارے میں غور کر رہی ہے جنھوں نے ماضی میں بھی 21300 فٹ سے زیادہ اونچائی والی پہاڑی سر کی ہو۔
گذشتہ ہفتے جاپانی کوہ پیماہ نوبوکازو کوریکی نے پہاڑی سر کرنے کی کوشش کو ترک کر دیا تھا۔ وہ ماضی میں سردی کے باعث اپنی نو انگلیاں پہلے ہی گنواں چکے ہیں۔
سنہ 2006 میں نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک انگلیس جو سردی کے باعث اپنی دونوں ٹانگیں کھو چکے تھے پہلے کوہ پیما ہیں جو دونوں ٹانگوں سے محروم ہوتے ہوئے 29,029 فٹ کی بلندی پر پہنچے۔
پانچ سال قبل امریکی کوہ پیما ایرک وہینمیئر ایورسٹ کے اوپر پہنچنے والے پہلے نابینا شخص بنے تھے۔