لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ضلع اسکول انسپکٹر پریم چندر نے یو پی بورڈ کے انگریزی کے پرچے میں نقل کرتے ہوئے مختلف اسکولوں سے تین نقلچیوں کو پکڑا۔ اس مرتبہ بھی بورڈ امتحانات کو شفافیت اور بغیر نقل کرانے کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم و ضلع انتظامیہ نے مختلف طریقے استعمال کئے۔ ذرائع کے مطابق یو پی بورڈ امتحانات میں امسال بھی نقل مافیاؤں کا دبدبہ رہا۔
انگریزی مضمون کے دوسرے امتحان میں محکمہ تعلیم کی انسداد نقل ٹیم کو ایک بھی نقل کرنے والا نہیں ملا حالانکہ ضلع اسکول انسپکٹر اور ان کی ٹیم نے انگریزی کے دوسرے امتحان میں تین طلباء کو نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ لال رام گنیش انٹر کالج گوسائیں گنج سے دو اور آدرش ثانوی کالج سے ایک طالب علم کو نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔
اس کے علاوہ امتحان مرکز پر تعینات مرکزی مشاہد کو ضلع اسکول انسپکٹر نے سخت ہدایت دی تھی۔ محکمہ تعلیم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ امتحان مرکز پر پہنچنے سے قبل محکمہ کا فلائنگ اسکوائڈ ان کے آنے کی خبر دے دیتا ہے۔ اس کی وجہ سے امتحان مراکز پر کچھ وقت کیلئے نقل روک دی جاتی ہے جبکہ ضلع اسکول انسپکٹر دعویٰ کرتے ہیں کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے اس مرتبہ نقل کم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحان مرکز کے مشاہدین کو امتحان کے دوران شفافیت رکھنے کی سخت ہدایت پہلے بھی دی جا چکی ہے۔اسی کا نتیجہ ہے کہ اس مرتبہ امتحانات میں نقل کرنے والے طلباء کی تعداد بہت کم تھی۔