لکھنؤ: ای- رکشا کے رجسٹریشن کیلئے ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے خصوصی کاؤنٹرکھولے جانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای- رکشا ایم وی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہونے کیلئے ایک گاڑی کی شکل میں وزارت نقل و حمل حکومت ہند کی ہدایت کے مطابق کی جائے۔ ایم وی ایکٹ کے سبھی ضابطوں سے بھی ای- رکشا کیلئے نافذ ہوں گے۔ یہ ہدایت جمعہ کو ضلع مجسٹریٹ نے ای- رکشا کے جائزہ جلسہ کے دوران دی۔ انہوں نے کہاکہ اس پر عمل درآمد میں روڈویز کمشنر نے سبھی آر ٹی او کیلئے اہم ہدایت جاری کی ہے۔ ای- رکشا کے رجسٹریشن ایم وی ایکٹ کے بندوبست کے تحت لازمی ہے۔ اس سلسلہ میں آر ٹی او نے بتایا کہ ابھی تک ۱۰۰؍ای- رکشا کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور نمبر بھی جاری کئے گئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہاکہ یہ تعداد بہت کم ہے اور غیر قانونی طریقہ سے رجسٹریشن اور جائز تعداد کے بغیر سڑکوں پر چلنے والی گاڑیاں ہزاروں میں نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا کام بہت سست رفتاری سے ہو رہا ہے۔ اس لئے ای- رکشا کے رجسٹریشن کیلئے خصوصی کاؤنٹر کھولنے کی ہدایت آر ٹی او کودی ہے۔ خصوصی کاؤنٹر ای- رکشا رجسٹریشن کی سہولت ترجیحی بنیاد پر کل سے شروع کی جائے۔ ضلع مجسٹریٹ نے ضلع بندوبست آر ٹی او پولیس ، ٹریفک پولیس کوہدایت دی ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی گاڑیوں کو ضبط کرنے کی کارروائی بھی کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ ضبط گاڑیوں کو رکھنے کیلئے پانچ ہزار گاڑیوں کی صلاحیت کے ساتھ دس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔