کانپور(نامہ نگار)ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر روشن جیکب نے بیکن گنج وارڈ ۹۹میں چوپال لگاکر لوگوں کے مسائل سنیں ۔انھوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اخلاقی وسرکاری ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل سنے اورفوری اثر سے حل کرائیں۔لوگوں کے ذریعہ چوپال میں شکایت کی گئی ہے کہ علاقہ میں بجلی کے تارنیچے لٹک رہے ہیں جس کی وجہ سے دیواروں میں کرنٹ آجاتاہے۔ مستقبل میں کوئی بھی حادثہ پیش آسکتاہے۔ مقامی کونسلر نے بتایا کہ شوکت علی پارک میں دوٹرانسفارمر لگائے گئے تھے جن میں سے ایک ٹرانسفارمر خراب ہوگیاہے لیکن ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود دوسرا ٹرانسفارمر نہیں لگایاگیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے ایگزیکٹیوانجینیئر کو آج ہی تین بجے تک ٹرانسفارمرتبدیل کرنے اوررپورٹ دینے کا حکم دیا۔چوپال میں موجود لوگوں کے ذریعہ چارسوکے وی کا ٹرانسفارمر لگانے کی اپیل کرنے پر ضلع مجسٹریٹ نے ٹرانسفارمرتبدیل کرنے کا حکم دیا انھوں نے کیسکوافسران کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مہم کے ذریعہ بجلی چوری کرنے والوںکے خلاف سخت کارروائی کی جائے علاقہ کے لوگوں نے
بتایا کہ مولانا شوکت علی پارک میں سم سیبل پمپ لگانے کیلئے جل نگم کو خط تحریر کیاگیاتھالیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ضلع مجسٹریٹ نے جل نگم افسران کو موقع کا معائنہ کرنے کے بعد پمپ لگانے کا حکم دیا۔غیرقانونی قبضے کی شکایت کے سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ نے ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ ، کارپوریشن اورپولیس ٹیم کی تشکیل کرتے ہوئے غیرقانونی قبضہ ہٹانے کی ہدایت دی۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ایک مرتبہ غیرقانونی قبضہ ہٹانے کے بعددوربارہ قبضہ کرلیا جاتاہے تومتعلقہ شخص کا چالان کرتے ہوئے یوزر چارج وصول کیا جائے۔ضلع مجسٹریٹ نے کارپوریشن اسپتال میں ملازمین کے ذریعہ ناجائز رقم کا مطالبہ کرنے کی شکایت پر ملازمین کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی شکایت موصول ہوئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ چوپال میں محکمہ تعمیرات عامہ جل نگم ودیگر محکمہ افسران موجود تھے۔