کانپور(نامہ نگار)۔ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر روشن جیکب نے سدبھائونا چوکی سے مول گنج گھنٹہ گھر کو جانے والی سڑک پر جے این این یوآر ایم کے کاموں کا معائنہ کیا ۔ضلع مجسٹریٹ کو روشناس کرایا گیا کہ سدبھائونا چوکی سے مول گنج کی طرف تین سو میٹر لائن ڈالی جاچکی ہے اور ایک سو پچاس میٹر لائن کاکام باقی ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال سے یہ کام کیا جارہا ہے ۔ کام کی سست رفتاری پر ضلع مجسٹریٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے موقع پر کھدائی کے دوران لائن ٹوٹنے سے پانی کے رسائو سے سڑک پر جمع ہونے والے پانی کے سلسلے میں متعلقہ ٹھیکیدار اورانجینئر کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے فوری طور پردرست کرایا جائے اور سدبھائونا چوکی سے مول گنج چوراہے تک کی سڑک کوایک ہفتے کے اندر پوری سڑک بریک ٹاپ کرائی جائے تاکہ عوام کو آمد ورفت میں پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوںنے پریڈ ، مرغا مارکیٹ ہوتے ہوئے یتیم خانہ چوراہے کی سڑک پر گڑھوں کی مرمت کرانے اورسڑک تعمیر کرنے کا حکم دیا۔ اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے لاجپت نگر علاقے میں صفائی بندوبست کا معائنہ کیا۔ لاجپت نگر میں رنگولی گیسٹ ہائوس سڑک پر کوڑے کے انبار کودیکھ کر انھوں نے اے ٹو زیڈ افسران کے خلا ف ناراضگی ظاہر کی ۔اور مشینوں ، گاڑیوں کودرست کرانے کی ہدایت دی ۔ ضلع مجسٹریٹ نے جب پچاس لاکھ کی رقم کے استعمال کے سلسلے میں معلوم کیا تواے ٹو زیڈ کے افسران مناسب جواب نہیں دے سکے۔
اس سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ نے صحت افسر کواے ٹو زیڈ سی ای او اونیش مہرا کو نوٹس دے کر مذکورہ رقم کے استعمال اور سابقہ میں دئے گئے احکامات کے سلسلے میں اے ٹو زیڈ کی گاڑیوں، جے سی بی، وغیرہ کی مرمت کروا کر صفائی بندوبست کو چاق وچوبند کرنے کی ہدایت دی ۔ ضلع مجسٹریٹ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر صفائی ملازمین کی خدمات ختم کرنے کی کارروائی کی جائے۔