کانپورشہر (نامہ نگار)۔ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر روشن جیکب نے آج سائیکل بیداری مہم کے تحت جاجمئو چنگی سے سرکٹ ہاؤس تک سائیکل ٹریک پر تجرباتی ریلی کو روانہ کیا۔ آج صبح جاجمئو چنگی سے طب ،تعلیم کے پرنسپل سکریٹری ارندم بھٹا چاریہ کی قیادت میں ضلع انتظامیہ کے افسران ، نوجوانوں کی سائیکل ریلی کو ضلع مجسٹریٹ نے ہری
جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
ریلی پرانی چنگی ، ناناراؤ گھاٹ تراہے سے ہوتے ہوئے سرکٹ ہاؤس ہوتے ہوئے ختم ہو گئی۔ یہاں پر ریلی میں شامل ہونے والے لوگوں ، نوجوانوں اور بچوں کو جوس اور کھانے کے پیکٹ دئے گئے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ کانپور شہر میں دس کلو میٹر طویل سائیکل ٹریک کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ جس میں شکلا گنج گنگا پل سے جھاڑی بابا پڑاؤ ہوتے ہوئے نرونا چوراہا ، جاجمئو ایس ٹی پی سے مال روڈہوتے ہوئے میگھ دوت تراہا تک ۸۰ لاکھ روپئے کے تخمینہ سے تعمیر کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹریک کا ایک کروڑ کے تخمینہ سے کیٹس آئی ، وائنڈنگ اور پرنٹنگ وغیرہ کا کام محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرودیو پلیس سے گنگا بیراج تک نئے سائیکل ٹریک کی تعمیر کے لئے چھ کروڑ روپئے کا مجوزہ بجٹ منظوری کے لئے ریاستی حکومت کو بھیجا جارہا ہے ۔ حکومت سے منظوری ملنے کے بعد مذکورہ کام شروع کرادیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سائیکل چلانی چاہئے کیوں کہ سائیکل چلانے سے انسانی صحت کو فائدہ ہوتا ہے ۔ اس موقع پر اے ڈی ایم سٹی اونیش سنگھ ، اے ڈی ایم ٹیکس و مالیات ستروگھن سنگھ ، ایس پی ٹریفک ایم آر سنگھ سمیت ضلع انتظامیہ اور پولیس افسران موجود تھے ۔