لکھنؤ(نامہ نگار)گھریلو گیس سلنڈر پر ملنے والی سبسڈی کا فائدہ حاصل کرنے کیلئے موڈیفائڈ ڈی بی ٹی ایل اسکیم کے فارم بھیجے جا رہے ہیں۔ انڈین آئل، ہندوستان پیٹرولیم اور بھارت پیٹرولیم تینوں کمپنیوں سے منسلک گیس تقسیم ایجنسیاں اپنے صارفین کو درخواست فارم بھر کر جمع کرنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔ لیکن کسی بھی گیس ایجنسی اور بینک کے پاس پیٹرولیم کمپنی اور آربی آئی سے تحریری ہدایت نہیں ملی ہے اس لئے صارفین اپنے ہاتھوں میں ڈی بی ٹی ایل فارم لے کر گیس ایجنسی اور بینک کا چکر لگا رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلع مجسٹریٹ نے پیٹرولیم وزارت کو خط بھیج کر ڈی بی ٹی ایل کے سلسلہ میں سبھی متعلقہ اداروں کے نام رہنما ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔
اے ڈی ایم سپلائی اوم پرکاش رائے نے بتایا کہ گھریلو سلنڈر پر ملنے والی سبسڈی کیلئے صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے پیٹرولیم وزارت کی طرف سے مارچ ۲۰۱۵ء تک پہلے کی طرح سبسڈی ملتی رہے گی۔ اس کے ساتھ ہی پیٹرولیم وزارت کو خط لکھ کر بینک کھاتے سے کنزیومر نمبر کا لنک اپ کرانے کیلئے سرکاری حکم جاری کرنے کی اپیل کی گئی
ہے۔ ڈی بی ٹی ایل کیلئے سبھی صارفین کو ۳۱مارچ ۲۰۱۵ء تک کا وقت دیا گیا ہے اگر کسی وجہ سے ایل پی جی صارفین اپنے بینک کھاتے کا مقررہ مدت میںلنک اپ نہیں کرا پاتے ہیں تو انہیں جون تک کا اضافی وقت دیاجائے گا۔ اس کے ساتھ ہی صارفین کو بار بار ایجنسی اور بینک کا چکر لگانے سے بھی نجات دلانے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم وزارت نے گھریلو گیس سلنڈر پر ملنے والی سبسڈی کا فائدہ صارفین کو دائرکٹ بینیفٹ ٹرانسفر اسکیم کے تحت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کو دھیان میں رکھ کر گذشتہ آٹھ دن سے تینوں پیٹرولیم کمپنیوں سے منسلک گیس ایجنسیوں پر فارم بھرے جا رہے ہیں۔