لکھنؤ(نامہ نگار)سروجنی نگر علاقہ میں رہنے والی گیارہویں درجہ کی طالبہ کو اغوا کر کے اس پر تیزاب پھینکنے والے اس کے ماموں کو گذشتہ رات آشیانہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم ریاض نے اس دکاندار کا نام بھی بتایا دیا جس نے بغیر کسی آئی ڈی کے تیزاب فروخت کیا۔
سی او کینٹ کا کہنا ہے کہ دکاندار کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے پولیس نے رائے بریلی ضلع انتظامیہ کے افسران کو خط بھیجا ہے۔ سی او کینٹ کویتا سنگھ نے بتایا کہ طالبہ پر تیزاب پھینکنے والا ملزم رائے بریلی کے مہاراج گنج کا رہنے والا ریاض ہے جس کو پولیس تلاش کر رہی تھی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ملزم کو پریورتن چوک کے پاس گرفتار کر لیا ۔
تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ اپنی بھانجی سے یکطرفہ محبت کرتا تھا اور اس سے شادی کا خواہشمند تھا لیکن وہ شادی کیلئے تیار نہیں تھی۔ گذشتہ یکم فروری کو وہ اپنے چچا سے انڈیکا کار مانگ کر لایااس نے اودھ اسپتال کے پاس طالبہ کو کار میں بٹھا لیا۔ آشیانہ کے اورنگ آباد علاقہ میں ملزم ریاض نے طالبہ سے شادی کی پیشکش کی۔ جس پر طالبہ نے انکار کر دیا۔ اس کے بعد ریاض نے طالبہ پر تیزاب ڈال دیا اور طالبہ کسی طرح اپنی جان بچاکر چلتی گاڑی سے کود گئی۔
بری طرح جھلسی طالبہ کو اہل خانہ نے سول اسپتال میں داخل کریا۔ ملزم ریاض نے آشیانہ پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے گھر کے پاس اکبر کی دکان سے بغیر کسی آئی ڈی کے تیزاب خریدا تھا۔ سی او کینٹ کا کہنا ہے کہ دکاندار کے خلاف کارروائی کیلئے رائے بریلی کے انتظامی افسر
ان کو خط بھیجا گیا ہے۔