لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ کرشنا نگر علاقہ میں ایک طالب علم نے پھانسی لگاکر خود کشی کر لی۔والدین جب باہر سے گھر لوٹے تو انہوں نے اپنے بیٹے کو پھندے سے جھولتا دیکھ کر حیران رہ گئے۔ اطلاع پولیس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ۔ پولیس کے مطابق طالب علم امتحانات کے سلسلہ میں ڈپریشن میں رہتا تھا۔ کرشنا نگر کے رہنے والے میڈیکل کمپنی ملازم ارجن کمار بوس کا سولہ سالہ بیٹا ابھیجیت بوس ہائی اسکول کا طالب علم تھا۔ گھر
کے پاس واقع ایک اسکول میں وہ زیر تعلیم تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ آنے والی آئندہ چھبیس فروری کو اس کاامتحان تھا۔ ابھیجیت کے والدین منگل کو گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ ابھیجیت گھر پر تنہا تھا تبھی اس نے ماں کے دوپٹے سے کنڈے کے سہارے لٹک کر پھانسی لگا لی۔ والدین جب واپس لوٹے تو بیٹے کی لاش دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔ ان کے رونے کی آواز سن کر پڑوسی موقع پر جمع ہو گئے۔ اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھیجیت پڑھائی میں بہت تیز تھا اور چھبیس فروری کو اس کا امتحان ہونے والا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پڑھائی کے سلسلہ میں پریشان رہتا تھا۔