لکھنؤ۔ ( نامہ نگار )چنہٹ واقع بی بی ڈی کالج میں زیر تعلیم ایک طالب علم سے رنگداری نہ ملنے پر اس پر بم سے قاتلانہ حملہ کرنے کے معاملے میں مفرور دو انعامی بد معاشوں سمیت تین افراد کو گزشتہ شب سرویلانس سیل نے گرفتار کیا ہے ۔ چنہٹ واقع بی بی ڈی میں زیر تعلیم راج گورو پانڈے کو گزشتہ ۲۷ دسمبرکو کچھ نوجوانوںنے دیسی بم پھینک کر زخمی کر دیا تھا اس معاملے میں راہل دیویدی ، ویریندر وکرم سنگھ اور دین بندھو کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی تھی ۔ واردات کے بعد سے تینوں فرار چل رہے تھے ۔ پولیس نے اس معاملے میں دو ملزم راہل اور ویریندر کی گرفتاری پر پانچ پانچ ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا ۔ اس معاملے میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایس پی نے سرویلانس سیل کو لگایا تھا ۔
اتوار کی شام سرویلانس سیل نے بی بی ڈی گرین سٹی کے نزدیک سے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ تلاشی کے دوران پولیس کو ان کے قبضہ سے پانچ موبائل فون اور ۲۱۰ روپئے ملے ۔ ملزمان نے طالب علم راج گورو سے رقم کا مطالبہ کرنے کی بات قبول کی اور روپیہ نہ ملنے پر ان لوگوںنے خود ہی دیسی بم بنا کر طالب علم راج گورو پر حملہ کیا تھا ۔ پکڑا گیا ملزم ویریندر وکرم سنگھ موجودہ وقت میں بی بی ڈی کا طالب ہے جبکہ ملزم راہل اور دین بندھو وہاں کے سابق طالب علم ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں شہ زور ہیں اور کالج میں زیر تعلیم طلباء اور اساتذہ سے اکثر شہ زوری کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں ۔