کانپور :ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرکٹ میچ کے ٹکٹوں کی کالابازاری سے مشتعل اترپردیش بے روزگار یونین کے سیکڑوں کارکنان نے پریـڈ چوراہہ پر اترپردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کا پتلا نذرآتش کیا۔ آج صبح یونین کے کارکنان شکشک پارک نوین مارکیٹ میں جمع ہوئے ۔ اور یوپی سی اے کاپتلا لیکر نوین مارکیٹ بازار پہنچے ۔ یونین کے کارکنان ٹکٹوں کی کالابازاری کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ جب کارکنان کا جلوس پریڈ چوراہہ پر پہنچا تو پتلے کو نذرآتش کردیا گیا۔ کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے یونین کے علاقائی صدر ڈاکٹر دواکر مشرا نے کہا کہ مرکزی وزیر راجیش شکلا اور ریاستی حکومت کے وزیر ناردرائے کے اشارے پر یوپی سی اے نے ٹکٹوں کو بلیک میل کیا ہے۔ جن طلباء وطالبات کیلئے کرکٹ میچ کا انعقاد کیاگیاہے انہیں میچ کے ٹکٹ نہیں مل سکے ہیں جبکہ ہو گزشتہ تین دنوں سے ٹکٹ لینے کے لئے قطار میں کھڑے ہیں اور پولیس کی لاٹھیاں کھا رہے ہیں۔ کانپور کے قرب وجوار کے اضلاع کے طلباء کئی دنوں سے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بے روزگار یونین نے ضلع مجسٹریٹ کانپور شہر اور وزیر اعلیٰ کو عرضداشت ارسال کرتے ہوئے ۲۰ہزار طلباء کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن کانگریس و سماجوادی پارٹی کی ملی بھگت سے ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔ طلباء کے لئے صرف پانچ ہزار ٹکٹوں کا بندوبست کیا گیا جنہیں بلیک میں فروخت کردیا گیا۔ ان حالات میں طلباء کا مشتعل ہونا جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میچ دیکھنے کے خواہشمند ہیں اس کے لئے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔پتلا نذر آتش کرنے والوں میں ڈاکٹر دواکر مشرا،اوغیرہ شامل تھے۔