دنیا کے زیادہ تر لوگوں کے لیے زندگی خوبصورت ہے۔ ہاں، ہر کسی کو اس سے کسی نہ کسی انداز میں کچھ شکایتیں ضرور ہیں لیکن دنیا کے زیادہ تر لوگ ان سے مقابلہ کرتے ہیں اور طویل عمر جینے کے خواہش مند ہیں۔
تاہم طویل عمر کی صرف خواہش کرنا کافی نہیں۔ اس جدید دور میں تقریباً اتنے ہی لوگ موٹاپے سے انتقال کررہے ہیں جتنا کہ بھوک سے۔ اس لیے ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے صحت مند طرز زندگی اپنانا چاہیے تاکہ ہم طویل عمر گزارسکیں۔
اس سلسلے میں مندرجہ ذیل پانچ نکات پیش خدمت ہیں:
تمباکو نوشی سے پرہیز
ہم سب اب جان چکے ہیں کہ تمباکو نوشی کی عادت جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ اس سلسلے میں متعدد ریسرچز موجود ہیں جن کے مطابق اس لت کا شکار افراد میں کینسر کے زیادہ امکانات موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ تمباکو نوشی سے امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے آپ کی زندگی چھوٹی ہوسکتی ہے۔
چاکلیٹ کھائیں
ییل یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں روزانہ 42 گرام ڈارک چاکلیٹ کھانے کو بلڈ پریشر میں کمی کا سبب پایا گیا۔
جب دل کرے اس وقت کھائیں
یہ ضروری نہیں کہ دن کے تین ہی مخصوص اوقات میں کھانا کھایا جائے۔ اس کے بجائے جب آپ کو بھوک لگے اس وقت غذا لیجئے اور اگر کھانے کا دل نہیں کررہا تو ایک وقت کا کھانا چھوڑ دینے میں کوئی حرج نہیں۔
مناسب نیند لیں
نیند کو ہمیشہ اہمیت دیں اور کسی بھی غیر ضروری کام کے لیے اس کی قربانی نہ دیں۔ اگر آپ کا سونے کا اچھا روٹین ہے تو آپ کی زندگی طویل اور صحت مند ہوگی۔ مناسب نیند نہ لینے کے روٹین سے وقت سے پہلے موت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس کی وجہ زندگی میں زیادہ تناؤ، زیادہ وزن اور توانائی کی کمی بتائی جاتی ہے۔
ورزش نہیں تو چہل قدمی کریں
اگر آپ روزانہ ورزش کے لیے وقت نہیں نکال سکتے تو کم از کم تیز چہل قدمی کو اپنے معمول کا حصہ بنالیں۔ روزانہ 20 سے 30 منٹ چہل قدمی سے آپ کی زندگی میں کئی سالوں کا اضافہ ہوسکتا ہے۔