نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے ہندوستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود محمد الصلاتي سے ملاقات کے بعد یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر الصلاتي نے آج مسٹر نقوی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس کے دوران ہندوستان عازمین حج کی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی سفیر نے مسٹر نقوی کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت عازمین کے سٖفر حج کو آسان بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی اور اس معاملے میں حکومت ہند کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔
خیال رہے کہ حج 2016 میں ہندوستان سے تقریباً ایک لاکھ 36 ہزار عازمین سفر حج پر جارہے ہیں جس کے لئے مرکزی حکومت، وزارت خارجہ ،وزارت اقلیتی امور ، مرکزی و ریاستی حج کمیٹی سعودی عرب میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ اور سعودی حکومت آپسی تال میل کے ساتھ عازمین کی سہولتوں کے لئے خاطرخواہ اقدامات کررہے ہیں تاکہ عازمین کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
دریں اثنا مسٹر الصلاتی نے سعودی عرب میں کام کرنے والے ہندوستانی ملازمین اور مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے لئے مسٹر نقوی نے سفیر موصوف کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اس دوران مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت پرانی دوستی اور تعلقات ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے )حکومت کے دوران میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نئی تقویت اور نئی بلندی ملی ہے ۔
جموں کشمیر کے وزیر برائے حج ، امور و اوقاف فاروق احمد اندرابی نے آج مسٹر مختار عباس نقوی سے ملاقات کرکے جموں و کشمیر کے عازمین حج کی سہولت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں ریاست کے تمام عازمین کے لئے ایک ہی جگہ قیام کا انتظام کرنے کی اپیل کی تاکہ ان کا سفر حج آسان ہوسکے ۔ اس کے علاوہ مسٹر اندرابی نے جموں و کشمیر میں تعلیم، روزگار سمیت ریاست کے مختلف عوامی مسائل پر مسٹر نقوی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر نقوی نے ان سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت والی حکومت غریبوں، کمزور طبقوں اور اقلیتوں کواقتصادی و سماجی-تعلیمی طور پر با اختیار بنانے کے لئے پابندعہد ہے ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا ترقی اور امن مخالف کوئی بھی طاقت اپنے ناپاک منصوبوں میں کامیاب نہ ہو سکے ۔
اجمیر شریف درگاہ کے سجادہ نشین پیر سید فخر کاظمی چشتی کی قیادت میں ایک وفد نے مسٹر نقوی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اجمیر درگاہ سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت میں اقلیتوں کو تعلیمی ، سماجی اور معاشی طور پر با اختیار بنانے کے اقدامات کی ستائش کی ۔