لکھنؤ(نامہ نگار)حج کمیٹی آف انڈیا کے سبب ریاست کے عازمین حج کو مفت سوٹ کیس کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اعلان کی گئی دوسری قسط کی رقم میں ان دوسوٹ کیسوںکی رقم بھی شامل ہے۔ سوٹ کیسوں کی رقم شامل ہونے کی وجہ سے عازمین حج قسط جمع کرنے کے ساتھ ہی سوٹ کیس کی رقم بھی جمع کر رہے ہیں جبکہ سوٹ کیس کی رقم کا خرچ ریاستی حکومت نے برداشت کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج ۲۰۱۵ء کیلئے عازمین حج پر کئی قانون لازمی کئے ہیں ان میں سے مختلف قسم کے سوٹ کیس، بریف کیس اور تھیلوں کے لے جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ایک ہی طرح کے بریف کیس لازمی کئے تھے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اس کیلئے وی آئی پی کمپنی کو ٹھیکہ دے کر عازمین حج کو ۵۱۰۰ روپئے کی قیمت کے دو سوٹ کیس خریدنا لازمی کر دیا تھا۔
اعظم نے کی تھی مخالفت
ریاستی حج کمیٹی کے چیئر مین اور وزیر اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے حج کمیٹی آف انڈیا کے اس فیصلہ کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے وزیر خارجہ کو خط لکھ کر سوٹ کیسوں کی لازمی شرط کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ساتھ ہی گذشتہ ۲۴مارچ کو عازمین حج کے انتخاب کیلئے ہوئی قرعہ اندازی میں وزیر اعلیٰ سے بھی عازمین حج کا درد بیان کرتے ہوئے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست کے عازمین حج کے سوٹ کیسوں کی رقم ریاستی حکومت سے ادا کرانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ریاستی حکومت نے رقم کی ادائیگی کیلئے نہ تو حج کمیٹی ، نہ سوٹ کیس کمپنی اور نہ ہی عازمین حج سے رابطہ قائم کیا۔ اس سلسلہ میں ریاست کے عازمین حج ریاستی حج کمیٹی کے دفتر پہنچ رہے ہیں۔
ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری زبیر احمد نے کہا کہ عازمین حج کے سوٹ کیس کی رقم کی ادائیگی کے سلسلہ میں اب تک حکومت کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی دوسری قسط میں سوٹ کیسوں کی رقم عازمین حج سے جمع کرائی جا رہی ہے۔ اس سال ریاست سے ۲۲۸۹۸عازمین مقدس حج کیلئے روانہ ہوںگے۔
۱۳جولائی ہے آخری تاریخ
حج ۲۰۱۵ء کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقررہ دوسری قسط کی رقم جمع کرنے کی آخری تاریخ ۱۳جولائی ہے حج کمیٹی منتخب درخواست دہندگان سے پہلی قسط کی شکل میں پہلے ہی ۸۱ہزار روپئے جمع کرا چکی ہے دوسری قسط کی شکل میں لکھنؤ سے روانہ ہونے والے گرین کیٹگری کے درخواست دہندگان کو ایک لاکھ ۳۳ہزار روپئے اور عزیزیہ کیٹگری کے درخواست دہندگان کو ایک لاکھ ۲۵۰روپئے کی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میں ۱۳جولائی سے قبل جمع کرنا ہے۔