لکھنؤ(نامہ نگار)ماہ دسمبر میںعاشق کی خود کشی کے بعد ایک نابالغ معشوقہ اتنی غمزدہ ہوگئی کہ اس نے بالآخر اپنے گھر میں پھانسی لگا کر جان دے دی۔ موقع پر ایک خودکشی نوٹ ملا ہے۔ چنہٹ کے
کملا نہرو نگر گووند پلازا میں ونود اپنی چھوٹی بہن ۱۶سالہ رنکی کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ ونود محکمہ جنگلات میں درجہ چہارم کا ملازم ہے۔
دوپہر رنکی نے گھر کے ایک کمرے میں لگے پنکھے میں رسی کے سہارے لٹک کر جان دی۔دوپہر میں جب ونود گھر گیا تو اس کی نظر پھندے میں لٹکی لاش پر پڑی۔ جسے دیکھ کر ونود نے شور مچا دیا جسے سن کر قرب وجوار کے لوگ جمع ہو گئے اور لڑکی کی لاش کو پنکھے سے نیچے اتارا۔ اطلاع پا کر موقع پر پہنچی پولیس نے تحقیقات کے دوران رنکی کے پاس سے ایک خودکشی نوٹ برآمد کیا۔داروغہ شیلندر کمار سنگھ نے بتایا کہ رنکی نے خودکشی نوٹ میں لکھا ہے کہ وہ اپنے تاکیشورکی موت کے بعد سے کافی پریشان تھی اور اسی لئے وہ خودکشی کر رہی ہے۔اس نے خودکشی کی ذمہ داری خود قبول کرتے ہوئے اہل خانہ کو پریشان نہ کرنے کی بات تحریر کی ہے۔
تحقیقات کے بعد پولیس نے رنکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ داروغہ نے بتایا کہ رنکی گورکھپور کے پپری گنج کی رہنے والی تھی۔ ماہ دسمبر میں اس کے عاشق نے خودکشی کر لی تھی جس کے بعد سے وہ ذہنی طور سے بہت پریشان رہتی تھی۔ وہ گورکھپور میں درجہ آٹھ کی طالب علم تھی۔