واشنگٹن ۔ 22 فروری (یو این این) عالمی شہرت یافتہ ایرانی فوٹو گرافر ماجد سعیدی نے امریکہ میں ہونے والا مقابلہ ’’فوٹو ایویڈنس بک ایوارڈ 2014ء‘‘ جیت لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماجد سعیدی کو ایوارڈ ان کی تصویری کتاب ’’لائف ان وار‘‘ پر دیا گیاجس میں انہوں نے نصف صدی سے جنگ کے شکار ملک
افغانستان میں روز مرہ زندگی کے حوالے سے دستاویزات کو یکجا کیا ہے۔ فوٹو ایویڈنس بک ایوارڈ میں شرکت کرنے والے فوٹو گرافروں کے منتخب پراجیکٹس کو بک ایوارڈ گیلریز میں رکھا گیا ہے جبکہ اکتوبر 2014ء میں نیویارک کے برونکس ڈاکو منٹری سنٹرمیں ان پراجیکٹس کو نمائش میں پیش کیا جائے گا۔ایوارڈ جیتنے والے ایرانی فوٹو گرافر ماجد سعیدی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پراجیکٹ کی تیاری کیلئے انہوں نے افغان مرد و خواتین پرتوجہ مرکوز رکھی جن کی زندگیاں جنگ کے باعث تباہ ہو چکی ہیں۔