فیورٹ بھارت کو میزبان ٹیم سے سیمی فائنل میں 95 رنز سے شکست
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں فیورٹ بھارت کی ٹیم کو 95 رنز سے ہرا دیا ہے۔اب فائنل میں اس کا مقابلہ دوسرے میزبان ملک نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ ہوگا۔
آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان عالمی کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ
میں کھیلا گیا۔آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور ان کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔اس کے جواب میں دھواں دار اور جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور بھارتی بلے باز اس اہم میچ میں نمایاں اسکور کرنے میں ناکام رہے ہیں اور پوری ٹیم سینتالیسویں اوور میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔
میزبان ٹیم کی بلے بازی کا آغاز اچھا نہیں ہوا تھا اور اس کے اوپنر ڈیوڈ وارنر چوتھے اوور میں صرف 12 رنز بنا کر پویلین کو لوٹ گئے لیکن ان کے بعد آنے والے بلے باز اسٹیو اسمتھ نے دوسرے اوپنر آرون فینچ کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انھوں نے دوسری وکٹ کی شرکت میں 182 رنز بنائے۔اسمتھ 93 گیندوں پر 105 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور فینچ نے 81 رنز بنائے۔
ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے لیکن انھوں نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔گلین میکسویل 23 اور شین واٹسن 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان مائیکل کلارک آج بھی کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور وہ صرف دس رنز بنا سکے۔جیمز فالکنر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اننگز کے آخری دو اوور میں میچل جانسن نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔وکٹ کیپر براڈ ہیڈن نے سات رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے اُمیش یادو سب سے کامیاب باؤلر رہے۔انھوں نے چار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے 328 رنز کے ہدف کے جواب میں دونوں اوپنرز روہیت شرما اور شیکھر دھاون نے ذمے دارانہ انداز مِیں اپنی اننگز کا آغاز کیا اور انھوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز بنائے۔اس موقع پر شیکھر دھاون 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ان کے بعد آنے والے ویرات کوہلی صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔بھارتی شائقین ان سے ایک بڑی اننگز کی توقع کررہے تھے لیکن وہ اس میں ناکام رہے ہیں۔
روہیت شرما 34 اور اجنکیا راہین 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے پویلین کو لوٹنے کے بعد بھارتی بلے باز دباؤ میں آگئے اور آسٹریلوی باؤلروں کا اعتماد سے سامنے کرنے میں ناکام رہے۔کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے اور وہ رن آؤٹ ہوئے ہیں۔بھارت کے آخری چار کھلاڑی صرف چار رنز کے اضافے کے بعد پویلین کو لوٹ گئے اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں صرف 233 رنز بنا سکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔انھوں نے تین بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچل جانسن اور میچل اسٹارک نے دو،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جوش ہیزل ووڈ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کو ان کی شاندار سینچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔
اب 29 مارچ کو عالمی کپ کا فائنل ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں دونوں میزبان ممالک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔اس نے اس ٹورنا منٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں ہارا ہے۔