سڈنیآسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک سنیچر کو 11ویں کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کے پہلے میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔آسٹریلیا کے کوچ ڈیرن لِیمن نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ 21 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔33 سالہ کلارک مسلسل ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور انھوں نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بھی اسی وجہ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔بدھ کو وہ دو ماہ بعد متحدہ عرب امارات کے خلاف وارم اپ میچ میں میدان میں اترے تھے اور نصف سنچری بھی بنائی تھی۔
تاہم ڈیرن لیمن کا کہنا ہے کہ اگرچہ کلارک کی واپسی اچھی ہوئی ہے لیکن پھر بھی وہ سنیچر کا میچ نہیں کھیل رہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ’ہم ان کی بہتری سے مطمئن اور خوش ہیں لیکن ہم اپنے منصوبے کے مطابق چلیں گے اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف ہی کھیلیں گے۔‘مائیکل کلارک کو ہیمسٹرنگ کی تکلیف نومبر 2014 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران ہوئی تھی۔ جس کے بعد ایڈیلیڈ میں بھارت کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن وہ دوبارہ اس تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے اور انھیں بیٹنگ کے دوران بھی کمر میں تکلیف کی وجہ سے باہر جانا پڑا تھا۔اس وقت کلارک نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ تکلیف ان کا کریئر بھی ختم کر سکتی ہے۔تاہم 24 دسمبر کو انھوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کی خواہش ظاہر کی تھی اور پھر گریڈ کرکٹ کے میچ میں میدان میں واپسی کی تھی۔