بھوپال:مدھیہ پردیش کی دارالحکومت بھوپال میں 10 ستمبر سے شروع ہونے والے عالمی ہندی کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ہونے سے قبل دارالحکومت کے چپے چپے پر سکیورٹی کی نظر ہے ۔ وزیر اعظم سمیت ملک و بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کی سیکورٹی کے پیش نظر دارالحکومت میں بے مثال انتظامات کئے گئے ہیں۔وزیر اعظم کی سیکورٹی کے لئے آج خصوصی سیکورٹی ٹیم (ایس پی جی) بھوپال پہنچے گی۔
اس کے بعد مقامی پولیس اور ایس پی جی مشترکہ طور سے سیکورٹی کے نظام سنبھالیں گے ۔ اس کے علاوہ ملک و بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کی سیکورٹی کے لئے انٹیلی جنس کو بھی چاق و چوبند رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ کانفرنس کے دوران پولیس کے تقریبا پانچ ہزار سے بھی زیادہ جوان سیکورٹی میں تعینات کئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کی سیکورٹی کے پیش نظر ایئرپورٹ سے لے کر کانفرنس کی جگہ لال پریڈ میدان تک سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ میدان اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں 100 سے بھی زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جس میں کم روشنی میں بھی ریکارڈنگ کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ہر چوراہے پر چیکنگ کی جا رہی ہے ، خاص طور پر باہر سے آنے والی گاڑیوں کی جانچ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔